اسکالر اسکول کی سالانہ تقریب میں طلبہ نے شاندار ثقافتی پروگرام پیش کیا
02:20PM Wed 1 Feb, 2017
ممبئی۔یکم(بھٹکلیس نیوز)قوم میں علم نافع کے لئے متحرک القلم ایجوکیشن ٹرسٹ کے زیر اہتمام اسکالر اسکول جوگیشوری کا سالانہ تعلیمی، تہذیبی اورثقافتی پروگرام پچھلے ہفتہ اختتام پذیر ہوا ۔ اسکالر اسکول کے تعلق سے القلم ایجوکیشن ٹرسٹ کے اہم رکن اور جنرل سکریٹری محفوظ احمد صدیقی نے بتایا کہ اسکالر اسکول 1993 سے اپنی خدمات پیش کررہا ہے ۔ ہمارا مقصد قوم کے بچوں میں معیاری تعلیم کے ساتھ ہی اسلامی اخلاقیات و اقدار سے طلبہ کو ہم آہنگ کرنا ہے اور اس میں ہم بہت حد تک کامیاب بھی ہیں ۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن اور ترجمہ سے ہوا ۔ اسکے بعد طلبہ نے شاندار ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔حالات حاضرہ کے تحت ایک ڈرامہ ’دیش آگے بڑھ رہا ہے ‘ بہت ہی عمدگی کے ساتھ پیش کئے جس میں موجودہ حکومت کی ناکامیوں اور اس کے جھوٹے وعدوں سے عوام کو ہورہی تکالیف کو بہت سلجھے ہوئے انداز میں پیش کیا گیا ۔عام طور پر ہمارے اسکولوں میں ثقافتی پروگرام میں ساری حدوں کو پار کردیتے ہیں اوردوسروں کی ثقافت اور ان کی تہذیبی جھلک نمایاں ہوتی ہیں ۔لیکن اسکالر اسکول کا یہ پروگرام اس آلائش سے پاک رہا کرتا ہے ۔اس بار بھی اس بات کی پوری کوشش کی گئی تھی کہ دلچسپ پروگرام پیش کرتے ہوئے طلبہ کے ذہنوں کو اسلامی ثقافت و تہذیب سے آشنا کیا جائے ۔پروگرام دو حصوں میں ہوا دو پہر تک طلباء کا تھا اس کے بعد طالبات نے اپنے پروگرام پیش کئے ۔اس رنگا رنگ شاندار پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر مولانا آزاد یونیورسٹی سے تشریف لائے ڈاکٹر صدیقی محمد محمود نے طلباء و طالبات تعلیم کے فوائد اس کے مقاصد اور آئندہ زندگی میں اس سے رہنمائی کے تعلق سے گفتگو کی۔دوسرے مہمان سید تحسین جنہوں نے شمالی بہار کے معروف شہر مظفر پور میں حضرت علی اکیڈمی نام سے ایک تعلیمی ادارہ قائم کیا جس کے اب شہر میں تین مزید شاخیں قائم ہیں نے بھی تعلیم کی اہمیت پر طلبہ کی رہنمائی کی۔پرنسپل آمنہ دیش پانڈے نے مہمانان ،والدین ،سرپرستوں اور اسکول کے اساتذہ کا شکریہ ادا کیا جنکی توجہ اور خلوص کی وجہ سے بچوں کی کارکردگی میں نکھار آیا ہے ۔