بھٹکل چوتنی ندی سے خاتون کی لاش بر آمد: قتل کا کیا جارہا ہے شبہ

04:08PM Sat 20 Jun, 2020

بھٹکل: 20 جون، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل چوتنی ندی سے آج صبح ایک خاتون کی لاش بر آمد ہوئی ہے جس کے تعلق سے پتہ چلا ہے کہ وہ پچھلے تین دنوں سے لاپتہ تھی۔ خاتون کی شناخت موگلی ہونڈا کی رہنے والی 55 سالہ زلیخا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ خاتون کی موت کے بارے میں اب تک کوئی حتمی بات سامنے نہیں آئی ہے لیکن کچھ لوگ اسے خود کشی کہہ رہے ہیں تو کچھ لوگ اسے قتل قرار دے رہے ہیں۔ خاتون کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ شادی بیاہ وغیرہ میں گھر گھر جاکر کام کیا کرتی تھی جس سے اپنا اور بچوں کا پیٹ پالتی تھی۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ خاتون کی اپنے شوہر کے ساتھ نہیں بنتی تھی اور ہمیشہ میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوتے رہتا تھا۔ آج صبح لاش کی اطلاع ملتے ہی پولس جائے وقوع پر پہنچی اور لاش کو اپنی تحویل میں لیتے  ہوئے سرکاری اسپتال کے مردہ خانہ بھیج دیا۔ پولس نے اس سلسلہ میں معاملہ درج کرتے ہوئے اپنی تحقیقات شروع کردی ہے۔