حیدرآباد کے اس ریستوران میں اب روبوٹ سپلائی کرتا ہے کھانا، کیا جاننا چاہیں گے آپ؟

12:36PM Sat 9 Feb, 2019

شہر حیدرآباد میں اپنی نوعیت کا پہلا ریسٹورنٹ قائم کیا گیا ہے جس میں روبوٹ گاہکوں کو کھانا سپلائی کر رہے ہیں۔ اس ریسٹورنٹ کو روبو کچن کا نام دیا گیا ہے۔ ان روبوٹ کو ’’بیوٹی سرونگ روبو ‘‘سے تعبیر کیا گیا ہے۔ اس ریسٹورنٹ میں فی الحال چار روبوٹ کام کر رہے ہیں۔ ان کو تین گھنٹہ چارج کرنا پڑتا ہے جس پر یہ روبوٹ دن بھرکام کرتے ہیں۔ ان روبوٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ گاہکوں سے نہ صرف انگریزی زبان بلکہ علاقائی زبان تیلگو میں بھی بات کرتے ہیں۔ یہ ریسٹورنٹ جو شہر حیدرآباد کے جوبلی ہلز علاقہ میں واقع ہے، نے یہ انوکھا کام کیا ہے جس کی کافی ستائش کی جا رہی ہے اور ان روبوٹ کو کام کرتا ہوا دیکھنے کے لئے لوگ اس ریسٹورنٹ کی سمت چلے آرہے ہیں۔ شہر میں اس طرح کے روبوٹ کو استعمال کرنے والے پہلے ہوٹل کے چرچے عام ہوگئے ہیں اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر بھی اس کی دھوم ہے۔ اس ریسٹورنٹ میں اندر داخل ہونے والے گاہکوں کا استقبالیہ کے کاونٹر پر بیٹھا روبوٹ خیرمقدم کر رہا ہے جس کے بعد چارروبوٹ کی ٹیم گاہکوں سے آرڈر لے رہی ہے اوران کو ان کی مطلوبہ کھانے کی چیز کے ساتھ ساتھ کاک ٹیل بھی سپلائی کر رہی ہے۔