ریاست میں ڈینگو اور چکن گنیا کی وارداتوں میں اضافہ
10:24AM Thu 24 Aug, 2017
22 ہزار سے زائد لوگ دونوں بیماریوں کا شکار
بنگلور ( بھٹکلیس نیوز):۔ ریاست میں مانسون کی بارش کی کمی اور دوسری طرف بدلتے موسم کی وجہ سے ریاست میں چکن گنیا اور ڈینگو کی وارداتوں میں ہر دن اضافہ ہورہا ہے اور اب ریاست کو ہندوستان میں ہی سب سے زیادہ ان دونوں امراض کا شکار مریضوں کو رکھنے کا درجہ حاصل ہے ۔وزیر برائے صحت اور خاندانی بہبود کے آر رمیش کمار نے ایک پریس کانفرنس کے دوران نامہ نگاروں کو بتایا کہ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت ان دونو ں امراض کو ختم کرنے کے لئے کئی ضروری اقدامات کرنے کے باوجود دونوں امراض کو قابو میں کرنے کا موقعہ نہیں مل رہا ہے۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق ریاست میں 20ہزار سے زائد لوگ ان دنوں امراض کا شکار ہیں لیکن نجی اسپتالوں میں داخل مریضوں کے تعلق سے تفصیلات حاصل نہیں ہوئی ہیں۔ ریاست میں12ہزار افراد چکن گنیا اور 10ہزار افراد ڈینگو کاشکار ہوئے ہیں۔ ہندوستان میں کرناٹک کو چکن گنیا میں پہلا مقام اور ڈینگو کو دوسرا مقام حاصل ہے ۔ڈائرکٹوریٹ آف سنٹرل ہیلتھ سرویس کی رپورٹ کے مطابق کرناٹک میں یکم جنوری سے لیکر 20اگست تک چکن گنیا کے 12ہزار 364 اور ڈینگو کے پانچ ہزار 128 معاملات درج کئے گئے ہیں۔مہاراشٹرا میں چکن گنیا کے2618اور گجرات میں 2358 معاملات درج کئے گئے ہیں اور ابھی تک دونوں ریاستوں میں اموات کے تعلق سے کوئی جانکاری نہیں ملی ہے ۔کیرل میں ڈینگو کے سب سے زیادہ 15ہزار 612معاملات درج ہیں۔ کرناٹکمیں وائرل بخار کی وارداتوں میں اضافہ ہونے پر وزرات مرکزی صحت کی ٹیمیں پر ضلع اور تعلقہ کا دورہ کررہی ہیں ۔شمالی کینرا، رائچور، جنوبی کینرا ، اڑپی،کورگ اور دھارواڑ ضلع میں چکن گنیا کی کوئی واردات نہیں ہوئی ہے ۔ہاویری ضلع میں صرف ایک واردات درج ہوئی ہے ۔کبھی کبھار بارش ہونے ،چاروں طرف کے ماحول کو صاف ستھرا نہ رکھنے کی وجہ سے دونوں امراض تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ کئی مریضوں میں ایک ساتھ چکن گنیا اور ڈینگو دکھائی دے رہا ہے۔جس سے ڈاکٹرس پریشان ہیں۔ دوسری طرف وائرل بخار بھی تیزی سے پھیل رہا ہے ۔یہ بخار بہت جلد ایک دوسرے کو لگ جاتا ہے۔ بنگلور کی تمام سرکاری اور بی بی ایم پی کی اسپتالو ں میں وائر بخار کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے ۔اس بخار کا شکار جملہ 4727افراد کا علاج چل رہاہے ۔بی بی ایم پی کی حدود میں جملہ 3727افراد ڈینگو کا شکار ہوئے ہیں۔محکمۂ صحت کے مطابق یکم جنوری سے 20اگست تک جملہ 21ہزار 74 لوگوں کے خون کا ٹسٹ لیا گیا ۔ان میں سے 5,361افراد میں ڈینگو کی علامت پائی گئی اور 7973 افراد کا خون کا ٹسٹ لینے پر ان میں 1290لوگ چکن گنیا کا شکار ہوئے ہیں۔ ان دونوں امراض سے بچے رہنے کے لئے بیداری مہم چلائی جارہی ہے اور تمام گھروں کو جاکر لوگوں کو اطلاع دی جارہی ہے ۔ محکمۂ صحت کی جانب سے جاری کردہ تفصیلا ت کے مطابق بنگلور اربن ضلع میں 1300،منڈیا ضلع میں 307، ٹمکور ضلع میں 173، چامراج نگر ضلع میں 170اور چتردرگہ ضلع میں 120چکن گنیا کے معاملات درج کئے گئے ہیں جبکہ بنگلور اربن ضلع میں 9807، منڈیا ضلع میں 624، داونگیر ے ضلع میں 459، میسور ضلع میں 452 ، شیموگہ ضلع میں 376، ٹمکور ضلع میں 318، ہاسن ضلع میں 306، اور کلبرگی ضلع میں 302ڈینگو کے معاملات درج کئے گئے ہیں۔