افزود تور دال کی خریدی کیلئے اقدامات: جئے چندرا
03:18PM Wed 24 May, 2017
بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز)وزیر قانون وپارلیمانی امور ٹی بی جئے چندرا نے آج بتایاکہ ریاست کے 12؍ اضلاع میں اس مرتبہ تور دال کی بہترین فصل ہوئی ہے، اب تک 31.32 لاکھ کوئنٹل تور دال ، فی کوئنٹل 150روپے سبسیڈی سمیت 5500 روپیوں میں خریدی گئی ہے۔ زراعت اور باغبانی قیمتوں کے استحکام سے متعلق کابینہ کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایاکہ کلبرگی اور شمالی کرناٹک کے بارہ اضلاع میں اس مرتبہ 101لاکھ کوئنٹل تور دال کی فصل ہوئی ہے۔اور حکومت کی جانب سے اس کی خریدی کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں۔افزود تور دال کی خریدی کیلئے مرکز سے منظوری حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور انہیں توقع ہے کہ مرکز کے ذریعہ منظوری مل جائے گی۔مرکز سے منظوری ملنے کے فوراً بعد کابینہ کی منظوری حاصل کرکے تائیدی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ لیا جائے گا۔ اس مرتبہ تور دال کی عمدہ فصل ہونے کے سبب 1.1کروڑ خاندانوں کو فی کس ایک کلو تور دال فراہم کی جائے تو حکومت پر 1100کروڑ روپیوں کا بوجھ پڑے گا۔ ایسے میں مرکز سے تعاون کی درخواست کی جائے گی۔اسی طرح راشن کارڈ ہولڈرس کو فی کلو 30روپے کی رعایتی قیمت پر تو دال فراہم کرنے کیلئے کابینہ میں سفارش کی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ انسداد توہم پرستی قانون سے متعلق ان کی قیادت میں کابینہ کی ذیلی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔عنقریب ایک اجلاس منعقد کرتے ہوئے قطعی فیصلہ لیا جائے گا۔