دبئی میں پھنسے بھٹکلی افراد کا پہلا قافلہ بھٹکل پہنچا: سبھی افراد کو کیا گیا کورنٹائن

12:20PM Sat 13 Jun, 2020

بھٹکل: 13 جون،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) دنیا بھر میں کورونا کوڈ 19 کی وبا کے چلتے لاک ڈاؤن کی وجہ سے دبئی میں پھنسے بھٹکلی افراد آج صبح بحفاظت بھٹکل پہنچ چکے ہیں۔ بھٹکل کے مشہور تاجر جناب عتیق الرحمان منیری اور ان کی ٹیم کے تعاون سے کل رات دبئی کے وقت کے مطابق 11:20 کو اس خصوصی طیارے نے 184 بھٹکلی افراد کو لے کر راس الخیمہ سے اڑان بھری تھی اور آج صبح یہ طیارہ قریب 04:20 کو مینگلور انٹرنیشنل ائیر پورٹ پر پہنچا۔ ائیر پورٹ پر پہلے سی ہی موجود بھٹکلی جماعت المسمین مینگلور اور مجلس اصلاح و تنظیم کے اراکین نے ان کا استقبال کرتے ہوئے ضروری کارروائیوں کے بعد ان کو پانچ الگ الگ بسوں میں سوار کرایا اور یوں یہ سب حضرات بھٹکل پہنچے۔ بھٹکل پہنچنے کے بعد انہیں تین الگ الگ کورنٹائن سینٹر میں رکھا گیا۔ اطلاع کے مطابق ان میں سے  کچھ افراد کو ہوٹل کولا پیراڈائز میں، چند لوگوں کو نیلاور اپارٹمنٹ اور چند لوگوں کو انجمن ہوسٹل میں کورنٹائن کیا گیا ہے جہاں یہ لوگ سات دن کورنٹائن میں رہیں گے اور اس دوران کورونا رپورٹ کے نگٰیٹیو آنے پر ان کو گھر جانے دیا جائے گا البتہ اس سلسلہ میں حاملہ خواتین کے تھوک کے سیمپل جلد لے کر انہیں گھروں میں ہی کورنٹائن کے لیے بھیجنے کی بھی بات ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ آج دبئی سے بھٹکل پہنچنے والوں میں منکی سے تعلق رکھنے والے دو غیر مسلم نوجوان بھی ہیں جس میں سے لڑکی کی شادی طے ہوچکی تھی اور وہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے دبئی میں پھنسی ہوئی تھی۔ ان دونوں نے بھٹکلیس سے بات کرتے ہوئے تمام معاونین کا شکریہ ادا کیا ہے۔