رہنمائے کتب: ہم معنی الفاظ پر عربی زبان کی چند کتابیں۔۔۔۔ تحریر: عبد المتین منیری

Bhatkallys

Published in - Other

03:53PM Thu 7 Mar, 2019

+971555636151

کتابوں کے تعارف کے اس سلسلے کا اصل مقصد مدارس عربیہ کے طلبہ و اساتذہ کوان کتابوں سے متعارف کرانا ہے جن کا طلبہ و اساتذہ کی میز پر ہونا اور ان سے استفادہ اٹھانا تعلیمی معیار کو بلند کرنے کے لئے از حد ضروری ہے ، مدارس کے تعلیمی نصاب سے ان کا کوئی نہ کوئی تعلق جڑا ہوا ہے ، تعارف کے لئے ہم نے زیادہ تر ایسی کتابوں کو انتخاب کیا ہے جو غیر ممالک میں چھپنے یا آوٹ آف پرنٹ ہونے کی وجہ سے دسترس سے باہر ہونے کے باوجود ان سے استفادہ ناممکن نہیں ہے ، کیونکہ پی ڈی یف کی شکل میں یہ کتابیں ہمارے آرکائیوز میں محفوظ ہیں اور کسی بھی وقت پرنٹ آوٹ نکال کر ان کی کاپیاں بنائی جاسکتی ہیں ۔ جو کتابوں کی قیمت فروخت سے سستی بھی پڑ سکتی ہیں یا انہیں اپنے کمپوٹر ، لیپ ٹوپ یا ٹیبلیٹ پر آسانی سے پڑھا جاسکتا ہے ۔آئیے اس سلسلے کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ایسی ہی کچھ اور مفیدکتابوں کا تذکرہ کرتے ہیں ۔ ارمغان جامعہ کے گذشتہ ایک شمارے میں ہم نے ہنری لامنس کی کتاب﴿ فرائد اللغۃ﴾ کا تذکرہ کیا تھا ، اس کتاب میں ایسے الفاظ کا تذکرہ کیا گیا ہے جو بادیء النظر میں ہم معنی نظر آنے کے باوجود ایک دوسرے سے مختلف مفہوم رکھتے ہیں ، ایسے ہی الفاظ کی ایک قسم مترادف کہلاتی ہے ، جو کہ عربی لفظ مرادف سے نکلا ہے ، جس کے معنی کسی کے پیچھے بیٹھنے یا سوار ہونے والا کے ہیں ، چونکہ متراد ف لفظ کسی دوسرے لفظ کے پیچھے پیچھے استعمال ہوتا ہے لہذا ہم معنی الفاظ کے لئے مجازا اس کا ستعما ل ہوا۔ اس بات سے اہل علم واقف ہیں کہ کسی بھی زبان پر مہارت حاصل کرنے ، اس کی باریکیوں کو سمجھنے ، موثر انداز میں اسے لکھنے بولنے اور تقریر و خطابت کے لئے متراد ف الفاظ کا علم از حد ضروری ہے ، کبھی الفاظ کی تکرار سے بچنے کے لئے بھی مترادفات کا استعما ل ضروری ہوجاتا ہے ۔ عربی زبان ایک فصیح و بلیغ زبان ہے ، اپنی بات کی وضاحت کے لئے مترادف الفاظ کا استعمال اس میں عام سی بات ہے ،لہذا مترادفات کو بہت سے ماہرین زبان نے عربی زبان کی فقہ کا درجہ دیا اور اس موضوع پر لکھی ہوئی کتاب کو﴿ فقہ اللغۃ ﴾کا نام دیا ہے۔ آئیے آج کی اس مجلس میں اس فن کی چند کتابوں کا تذکرہ کرتے ہیں ۔

نام کتاب: المکنز العربی المعاصر۔ معجم فی المترادفات و المتجانسات مصنف: د ۔ محمود اسماعیل صینی ۔ناصف مصطفی عبد العزیز۔ مصطفی احمد سلیمان ناشر: مکتبۃ لبنان ناشرون ۱۹۹۳ء صفحات: ۱۶۸ کتاب کے مصنفین غیر عربی داں افراد کے لئے تعلیمی کتابیں تیار کرنے میں شہرت رکھتے ہیں ۔ ان کی یہ کتاب بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، یہ کتاب اس موضوع پر تیار شدہ لغات کے ذخیرے میں اپنی ترتیب کے لحاظ سے آسان ترین ہے ۔ کتاب کی ترتیب کو انگریزی تھیسارس کے بجائے لغات کے طرز پر ترتیب دیا گیا ہے ، الفاظ کی ترتیب میں مادہ کے بجائے انگریزی و اردو لغات کے طرز پر ابجدی ترتیب کو ملحوظ نظر رکھا گیا ہے ، پہلے لفظ ، پھر مادہ ثلاثی ، پھر یہ بتایا گیا ہے کہ یہ لفظ اسم ہے یا فعل ہے یا صفت ، اس کے بعد لفظ کے مترادفات بیان ہوئے ہیں ، مثلا اعجف : ع ج ف ھزیل ۔نحیل ۔ ضعیف ۔ دقیق یہ کتاب عربی زبان کے ہر طالب علم کے مطالعہ میں رہنی چاہئے ۔

نام کتاب : قاموس الطالب فی المترادفات و الاضداد مصنف: خالد و دیما سعد ناشر: دار الرقی ۔ بیروت صفحات: ۸۰ یہ کتاب بھی آسان ہے ، اس میں مترادفات کے ساتھ مفہوم مخالف یا ضد کو بھی سامنے بیان کیا گیا ہے ، مثلا اباح : اذن ۔ اظھر ۔ کشف

نام کتاب: المنجد فی المترادفات والمتجانسات مصنف : الاب رفائیل نخلہ الیسوعی ناشر : المطبعۃ الکاثولیکیۃ ۔ بیروت صفحات : ۲۷۴ اس میں مترادفات کے ساتھ قریبی معنی کے الفاظ اور جگہ جگہ مختصر تشریح دی گئی ہے اور اس میں اس بات کا اہتمام نہیں کیا گیا ہے کہ لفظ کے مقابل ایک ہی ہم معنی لفظ ہو، لہذا اس پر لغت کا عنصر غالب آگیا ہے ۔ طلبہ کے لئے عمومی طور پر مفید ہے ۔

نام کتاب: المخصص مصنف: ابن سیدہ ؛ ابو الحسن علی بن اسماعیل الاندلسی ف ۴۵۸ھ ناشر: دار الکتب العلمیہ ۔ بیروت 5 جلدیں مترادفات کی لغات کے لئے انگریزی میں ایک اصطلاح تھیسارس رائج ہے ، ایسے ہم نوع ہم جنس اور باہمی مناسبت رکھنے والے الفاظ کی لغت کے لیئے بولی جاتی ہے جو تقریر و تحریر کے لئے موزون ہوتے ہیں ، اس میں متضاد اور برعکس الفاظ کا بھی اندراج ہوتا ہے ، ان میں مفرد لفظ کے بجائے ایک موضوع سے وابستہ الفاظ کو اکٹھا کیا جاتا ہے ، جیسے بارش ،گھوڑے ،شہد کی مکھی ، شیر ، انسان اور ان کے اجزاء کے ناموں کی تفصیل ، اس فن میں عربی زبان میں بہت بڑا ذخیرہ پایا جاتا ہے ، ا س لسانی ذخیرے میں ﴿المخصص﴾ کو سرداری حاصل ہے، اسے اندلس کے ایک نابینا ماہر لغت ابن سیدہ نے املاء کروایا تھا، اس کتاب میں بیس موضوعات پر مترادفات اور ہم جنس الفاظ کوجمع کیا گیا ہے ، ابن سید ہ عبقری اور لغت کے امام تھے ، آپ نے اس میں قرآن وحدیث اشعار عرب میں ان الفاظ کے جو استعمالات ملتے ہیں ،ان کو تفصیل سے بیان کیا ہے ، جس کی وجہ سے اس سے استفادہ کے لئے قاری کا صاحب علم ہونا ضروری ہے ، کتاب کے آخر میں الفاظ کے انڈکس کی وجہ سے کتاب کی افادیت بڑھ گئی ہے ، جس کی وجہ سے ایک ایک لفظ کے مترادفات ڈھونڈنا بھی آسان ہوگیا ہے ۔ مصنف کے قدیم زمانے سے اور نابینا ہونے کی وجہ سے کتاب کی ترتیب گنجلگ سی ہوگئی تھی ، جس کی وجہ سے اہل علم کا محدود طبقہ ہی اس لسانی ذخیرے سے مستفید ہورہا تھا ، لہذا گذشتہ صدی کے اوائل میں دو ماہر لغت اساتذہ نے اس کتاب کو مفید اور آسان بناے پر محنت کی جس کے نتیجے میں مندرجہ ذیل مفید کتاب سامنے آئی۔

نام کتاب: الإفصاح في فقه اللغة مرتب: عبد الفتاح الصعیدی و حسین یوسف موسی ناش: دار الکتب المصریہ ۔ القاہرہ صفحات: ۷۶۳ یہ کتاب ﴿۱۹﴾ ابواب پر تقسیم کی گئی ہے اور ان کے ذیلی عناوین کی تعداد ﴿۸۰۰﴾ کے قریب ہے ، مثلا پہلے باب کاموضوع ہے﴿جسم الانسان﴾ جس کے ذیلی عنوانات ﴿۴۸﴾ ہیں ، اس میں سر سے متعلق الفاظ﴿۳﴾ صفحات پر ، بال سے متعلق الفاظ ﴿۴﴾ صفحات پر ،اس طرح بال کم یا زیادہ ہونا ، کنگھی کرنا ، بال منڈھانا ، کان کے اوصاف اور بیماریوں کے نام ، چہرے کے نام ، آنکھوں کے نام و اجزاء وغیر ہ ہر ایک کے لئے چار پانچ صفحات پر ہم معنی الفاظ بیان کئے گئے ہیں، یہ کتاب عربی زبان کے طالب علموں کو اپنے سامنے رکھنی چاہئے ۔

نام کتاب: فقہ اللغۃ و سر العربیۃ مصنف: ابو منصور ثعالبی ۴۲۹ھ ناشر: المكتبة العصرية صفحات: 572 پانچویں صدی کے مشہور ماہر لغت کی یہ کتب معروف و متداول ہے۔

نام کتاب : کفایۃ المتحفظ فی اللغۃ مصنف : ابن الاجدابی ؛ابو اسحاق ابراہیم ابن اسماعیل الطرابلسی ناشر : جمعیۃ الدعوۃ الاسلامیہ طرابلس صفحات : ۲۷۷ طرابلس لیبیا کے عالم لغت کی مشہور و معروف کتاب ، جس کے مختلف ایڈیشن رائج ہیں۔ اس کی ایک شرح بھی رائج ہے عنوان ہے ۔

نام کتاب: شرح کفایۃ المتحفظ ۔ تحریر الروایۃ فی تقریر الکفایۃ مصنف: محمد بن الطیب الفاسی ناشر: دار لعلوم ۔ لیبا صفحات: ۶۸۵ اس موضوع پر ایک اور اہم کتاب

نام کتاب: نجعۃ الرائد و شرعۃ الوارد فی المترادف و المتوارد مصنف: ابراہیم الیازجی البستانی ناشر: مکتبۃ لبنان صفحات: ﴿۵۷۰﴾ اپنے موضوع پر بہت ہی مشہور ایک گذشتہ ایک صدی سے رائج کتاب ، آخر میں مترادف الفاظ کے انڈکس کی وجہ سے کتاب کی افادیت بڑھ گئی ہے ۔

نام کتاب : المنجد فی اللغۃ مصنف : کراع ؛ابو الحسن علی بن حسن الھنائی ف ۳۱۰ھ ناشر : عالم الكتب ، القاهرة صفحات: ۴۱۸ اس موضوع پر سب سے قدیم اور پرانی لغت

نام کتاب : رسالۃ فی ا لمترادفات مصنف: مصطفی ا لسقطی ، محمد النشار ناشر : المطبعۃ الامیریۃ ۔ قاہرہ صفحات : ۵۷﴾ ایک صدی پیشتر چھپی آسان اور مفید کتاب ، یہ نصاب تعلیم کو دیکھ کر لکھی گئی تھی ۔

نام کتاب: الألفاظ الكتابية مصنف : عبد الرحمن بن عیسی الھمدانی ناشر: مکتبۃ الملیجی ۔ میدان الازہر ۔ مصر صفحات : ۲۶۰

نام : الالفاظ المترادفۃ المتقاربۃ المعنی مصنف: ابو الحسن علی بن عیسی الرمانی ف ۳۸۴ھ ناشر: کلیۃ التربیۃ ۔ دمیاط صفحات: ۱۰۳