تلفظ میں زیر و زبر۔۔۔۔از: اطہر علی ہاشمی

Bhatkallys

Published in - Other

01:03PM Tue 2 Aug, 2016
از: اطہر علی ہاشمی ہم یہ بات کئی بار لکھ چکے ہیں کہ اخبارات املا بگاڑ رہے ہیں اور ہمارے تمام ٹی وی چینلز تلفظ بگاڑ رہے ہیں۔ ٹی وی چینلوں کا بگاڑ زیادہ سنگین ہے کیونکہ ان پر جو تلفظ پیش کیا جاتا ہے، نئی نسل اسی کو سند سمجھ لیتی ہے۔ بڑا سقم یہ ہے کہ ٹی وی پر جو دانشور، صحافی اور تجزیہ نگار آتے ہیں وہ بھی اس بگاڑ میں اضافہ کررہے ہیں اور بڑے دھڑلے سے غلط تلفظ کو فروغ دے رہے ہیں۔ خاص طور پر کئی الفاظ کو ’’زیروزبر‘‘ کردیا جاتا ہے۔ گزشتہ دنوں ایک بہت سینئر صحافی، جو بہت عمدہ اردو لکھتے ہیں اور ہم نے اُن سے بہت کچھ سیکھا ہے، وہ ایک ٹی وی پروگرام میں ’’ممالک‘‘ کے لام پر زبر لگا رہے تھے، یعنی ’’ممالَک‘‘۔ اگر وہ لام کو زیر کرلیتے تو کچھ حرج نہیں تھا۔ ایسے اور کئی الفاظ ہیں جن میں زبر کی جگہ زیر اور زیر کی جگہ زبر لگایا جارہا ہے۔ مثلاً عِندیہ کو عَندیہ، منصِف کو منصَف وغیرہ۔ ہمارے وزیراعظم اور دیگر وزراء تو چوں کہ حاکم ہیں اس لیے تلفظ سے بھی مبّرا ہیں، لیکن وہ جو صحافی اور دانشور ہیں انہیں سوچ لینا چاہیے کہ وہ نوجوان نسل کا تلفظ بگاڑنے کے مرتکب ہورہے ہیں۔ ایک بار پھر یہ وضاحت کردیں کہ غلط تلفظ کی ادائیگی کسی ایک صوبے یا اُن تک محدود نہیں جن کی مادری زبان اردو نہیں۔ کتنے ہی پشتو بولنے والے، پنجابی بولنے والے ایسے ہیں جن کا تلفظ اردو بولنے والوں سے بہتر ہے اور بڑی نفیس نثر لکھتے ہیں۔ فیض احمد فیض، منیر نیازی، قتیل شفائی، احمد فراز، ابن انشاء وغیرہ نہ صرف یہ کہ اردو کے باکمال شاعر تھے بلکہ تلفظ بھی بے خطا تھا۔ لاہور میں مقیم اور ہارون آباد سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی رؤف طاہر کا تلفظ قابلِ رشک ہے۔ دوسری طرف وہ جن کی مادری زبان اردو ہے، ان کا تلفظ قابلِ رحم ہے۔ پٹھانوں میں امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد (مرحوم) نہ صرف سلیس اردو بولتے تھے بلکہ عربی، فارسی پر بھی عبور تھا۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں شکوہ کیا تھا کہ آج کل اردو بگاڑی جارہی ہے۔ سید مودودیؒ کی نثر بطور سند پیش کی جاتی ہے مگر ان کے متبعین میں کئی ایسے ہیں جنہوں نے سید مودودیؒ کی نثر سے کچھ نہیں سیکھا، نہ تلفظ نہ املا۔ گزشتہ دنوں جسارت میں ایک اشتہار شائع ہوا جس میں رفاہی کی جگہ رفاعی تھا۔ ایک اور اشتہار میں ’’الحمد اللہ‘‘ تھا۔ قارئین شکوہ کرتے ہیں کہ یہ غلطی کیوں؟ لیکن ادارتی عملے کا اشتہارات پر بس نہیں چلتا۔ ہمیں تو افسوس اس پر ہوتا ہے کہ خود ہمارے ہم کار اور ساتھی کچھ سیکھنے کو تیار نہیں۔ علاء الدین، بہاء الدین کے بارے میں کئی بار لکھا جا چکا ہے کہ اس میں واؤ نہیں آتا۔ یعنی علاو الدین اور بہاو الدین نہیں ہے۔ منگل 17 مئی کے اخبار میں اسٹاف رپورٹر نے ایک بیان میں ’’منڈی بہاؤ الدین‘‘ لکھا ہے۔ سرخی میں تو تصحیح ہوگئی لیکن متن میں یونہی چھپا ہے۔ ایک ادبی تنظیم کی خبر میں ’’پھولوں کا گلدستہ‘‘ موجود ہے۔ سب ایڈیٹر نے اس کی تصحیح کی ضرورت نہیں سمجھی کہ خود اس کو گلدستہ اور پھولوں کا گلدستہ میں فرق نہیں معلوم۔ لیکن کوشش جاری رہے گی۔ ’’بیرون ممالک‘‘ بھی جسارت ہی میں شائع ہوا ہے۔ ہم کوئی ماہرِ لسانیات نہیں ہیں۔ خود ہمارا حال یہ ہے کہ کسی اہلِ علم سے سن کر یا لغت دیکھ کر تلفظ درست کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ علامہ اقبالؒ کا مشہور مصرع ہے کنجشک فرومایہ کو شاہیں سے لڑا دے کنجشک کا تلفظ تو خیر مشکل ہی ہے لیکن ہم فرومایہ کو زبر کرتے رہے یعنی ’ف‘ کے اوپر زبر لگا کر پڑھتے تھے۔ معلوم ہوا کہ شاہیں سے لڑنے کا خواہ کچھ انجام ہو لیکن فرومایہ میں ’ف‘ کے نیچے زیر ہے۔ اب یہ تو قارئین کو معلوم ہی ہوگا کہ علامہ اقبالؒ گھروں میں رہنے والی چھوٹی سی چڑیا کو شاہین سے لڑا رہے تھے۔ احتیاطاً کنجشک کا تلفظ بھی بتادیں جو خود ہم نے بڑی مشکل سے سیکھا ہے۔ یہ ہے کُن+ جِشْک۔ فِرو کہتے ہیں زیرِ حکم، ماتحت، سفلہ، کم رتبہ، مسکین وغیرہ کو۔ اس سے فِرومایہ کے علاوہ فِروتن، فِروگزاشت (کوتاہی، کمی، خطا، بھول، بے پروائی، غفلت، درگزر، چشم پوشی) وغیرہ کئی تراکیب ہیں۔ فِرومایہ کا مطلب ہے کمینہ، کم ظرف، حقیر وغیرہ۔ اب علامہ اقبال کنجشک یا چڑیا کو کمینی تو کہنے سے رہے۔ ایک ترکیب فِرو کرنا بھی ہے، جس کا مطلب ہے دبانا، بٹھانا، بجھانا، کم کرنا جس کی ایک جھلک گزشتہ پیر کو قومی اسمبلی میں بھی نظر آئی۔ کس کو دبایا، کس کو بجھایا، یہ قارئین خود طے کرلیں۔ اور ہاں! فِروکش بھی تو ہے، یعنی اترنے والا، قیام کرنے والا۔ گزشتہ دنوں ’’تذکرہ غوثیہ‘‘ پڑھ رہے تھے تو ایک جملہ نظر سے گزرا جس میں کسی کو منصب چکلہ داری دینے کی بات کی گئی ہے۔ چکلہ (صحیح چکلا) کا یہ استعمال نیا تھا کہ یہ بھی کوئی منصب ہے۔ چکلا کا عام استعمال یا تو چوڑا چکلا ہے یا روٹی بیلنے کا پٹڑا چکلا کہلاتا ہے۔ لغت کے مطابق یہ ہندی کا لفظ ہے جس کا مطلب ہے ملک کا ایک حصہ جس میں کئی پرگنے ہوں، علاقہ، صوبہ، جاگیر یا شہر کا وہ حصہ جہاں کسبیاں رہیں۔ علاوہ ازیں گول، مدور، چوڑا، عریض، گول اور چپٹا پتھر یا لکڑی کا ٹکڑا، دال دلنے کی چکی۔ ہمارے ساتھی مظفر اعجاز نے توجہ دلائی ہے کہ ممکن ہے ’’چک‘‘ چکلا کی تصغیر ہو۔ چک پنجاب میں مستعمل ہے یعنی کسی علاقے کی حد بندی۔ چکلا بندی کا مطلب ہے حد بندی، صوبوں کو چکلوں میں تقسیم کرنا۔ تذکرہ غوثیہ دلچسپ حکایتوں کی کتاب ہے جو 1880ء سے پہلے لکھی گئی۔ چنانچہ اس میں اردو کے اور کئی ایسے الفاظ ہیں جو اب متروک ہوچکے ہیں۔ ان کا ذکر پھر کبھی سہی، اس گزارش کے ساتھ کہ تذکرہ غوثیہ کو دینی کتاب سمجھ کر نہ پڑھا جائے۔ .................................................... اطہر علی ہاشمی اطہر ہاشمی ایک قومی روزنامے کے مدیر ہیں۔ گزشتہ چار دہائیوں سے شعبۂ صحافت سے منسلک ہیں اور زبان وبیان پر گہری گرفت رکھتے ہیں۔ اُن سے atharhashmi@wujood.com پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔