Riyazur Rahman Akrami Article

Riyazur Rahman Akrami Nadwi

Published in - Other

08:06PM Fri 2 Jan, 2026

 "دوبارہ جئیں گے یہ دیوار ودر"

 

بھٹکل اور اطراف  واکناف میں دینی، دعوتی اور تحریکی سرگرمیوں کو منظم انداز میں انجام دینے کے لیے اسلامک مشن آف کرناٹک (دعوت سینٹر، سلطانی محلہ، بالمقابل محتشم روڈا ہاؤس) کا افتتاح 27 ذی الحجہ 1418ھ مطابق 24 اپریل 1998ء، بروز جمعہ بعد نمازِ عصر حضرت مولانا سراج الحسن صاحب (امیر جماعت اسلامی ہند) کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔

یہ دعوت سینٹر دینی خدمات کے ساتھ ساتھ رفاہی اور سماجی سہولیات کا بھی مرکز ہے، جہاں جماعت اسلامی کا آفس، سیوا آفس، ناگرت سیوا، ووٹر آئی ڈی اور آدھار کارڈ کی تصحیح جیسے عوامی خدمات انجام دی جاتی ہیں۔ یہاں ہفتہ واری درسِ تفسیر کا اہتمام ہوتا ہے، مختلف مواقع پر تربیتی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں، اور کمزور و نادار افراد کے لیے ماہانہ راشن کے ساتھ علاج و معالجہ میں تعاون فراہم کیا جاتا ہے۔ الغرض، دعوت سینٹر سلطانی محلہ کے علاقے میں دینی اور سماجی خدمات کا ایک فعال اور مؤثر مرکز ہے۔ 

 

اسی طرح  سلطانی محلے کے کنارے پر واقع اسلامی ویلفیئر سوسائٹی کے تحت قائم مشہور کولا کو اسپتال  کو مارچ 2007ء میں اسلامی ویلفیئر سوسائٹی نے اپنے انتظام انصرام میں لے کر ایک نئی اور مؤثر سمت عطا کی۔ خدمتِ خلق کے جذبے سے سرشار یہ ویلفیئر اسپتال مختلف مواقع پر مینگلور سے ماہر اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی خدمات بھی فراہم کرتا ہے۔

اولڈ بس اسٹینڈ، شہر بھٹکل کے قلب سلطانی محلہ میں واقع اسلامی ویلفیئر اسپتال آج مقامی آبادی کے لیے ایک مضبوط سہارا ہے جدید طبی سہولیات، ہنگامی امداد، چوبیس گھنٹے ڈاکٹروں کی موجودگی اور *کم خرچ علاج* نے اس ادارے کو بھٹکل اور اطراف کے علاقوں کے لیے نہایت اہم اور قابلِ بھروسہ بنا دیا ہے۔

 

اسی طرح سلطانی محلہ کی شان و وقار میں اضافہ کرنے والا ایک اور عظیم ادارہ اسلامک ویلفیئر سوسائٹی ہے، جس کا قیام 23 دسمبر 1982ء کو بھٹکل کی سرزمین پر عمل میں آیا۔ یہ ادارہ دراصل ایک غیر سودی اسلامی مالیاتی نظام کی عملی تصویر ہے، جس کا بنیادی مقصد عوام کو سود کی لعنت سے محفوظ رکھنا، بلا سود قرضِ حسنہ فراہم کرنا اور ضرورت مند افراد کی عارضی مالی ضروریات کو محدود مگر مؤثر پیمانے پر پورا کرنا ہے۔

 

یکم اگست 1983ء کو اس سوسائٹی کا باقاعدہ افتتاح اس وقت کے امیرِ حلقہ جماعت اسلامی ہند کرناٹک و گوا، محترم مولانا سراج الحسن (رائچور) کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔ جلد ہی یہ ادارہ اسلامک ویلفیئر سوسائٹی رجسٹرڈ، بھٹکل کے نام سے معروف و مقبول ہو گیا۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ اس سوسائٹی کی بنیاد محض پندرہ روپے سے رکھی گئی، مگر آج اس کا ٹرن اوور کروڑوں روپے تک پہنچ چکا ہے، جو خلوص، دیانت اور اجتماعی اعتماد کا زندہ ثبوت ہے۔

 

اس سوسائٹی کے ذریعے قوم میں غیر سودی نظام پر یقین مضبوط ہوا۔ مسلم ہو یا غیر مسلم، دونوں طبقات اس ادارے کے منصفانہ اور شفاف نظام سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور سود جیسے مہلک معاشی مرض سے محفوظ ہیں۔ اس کا منظم اور قابلِ اعتماد مالیاتی ڈھانچہ سلطانی محلہ کی سماجی و معاشی شان میں نمایاں اضافہ کرتا ہے۔

 

جب عظیم مفکرِ اسلام حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ نے اس سوسائٹی کی کارگزاریوں اور اس کے غیر سودی نظام کا مشاہدہ کیا تو انہوں نے دل کھول کر اس کی تحسین فرمائی، جو اس ادارے کے لیے ایک عظیم اعزاز اور حوصلہ افزائی ہے۔

 

اللہ تعالیٰ اس سوسائٹی کے بانیان، ذمہ داران اور کارکنان کو قوم و ملت کی طرف سے جزائے خیر عطا فرمائے، ان کی مساعی کو شرفِ قبولیت بخشے اور اس غیر سودی اسلامی نظام کو مزید مضبوط، مؤثر اور وسیع تر بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔

سلطانی محلہ میں یہ ادارے دین کی خدمت، انسانوں کی بھلائی اور سماجی تعاون کا خوبصورت نمونہ ہیں۔ انہوں نے عوام کی دینی، طبی اور مالی ضرورتوں کو نہایت سادہ اور مؤثر انداز میں پورا کیا ہے۔ یہ خدمات اس بات کی دلیل ہیں کہ نیک نیتی اور باہمی تعاون سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔

 

(اس مضمون میں درج کسی بھی  بات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ادارہ بھٹکلیس)