پی ڈیف کتابوں کا ایک مفید ای ریڈر۔۔۔ عبد المتین منیری۔۔۔ بھٹکل

Abdul Mateen Muniri

Published in - Other

07:24PM Wed 5 Jan, 2022

 دو عشروں سے جب سے پی ڈیف کتابوں کی اشاعت انٹرنٹ پر عام ہوئی ہے، اس خوف سے کہ کہیں یہ کتاب دوبارہ نہ ملے، انہیں ڈون لوڈ کرنے کا ایک ہوکا سا لگا ہوا ہے۔ کتابوں کے اکٹھے کرنے میں وقت اور محنت جتنے لگتے ہیں، انہیں دیکھ کر کبھی محسوس ہوتا کہ یہ تو باربرداری کا کام ہے، کیونکہ جس طرح ہمیں کتابیں پڑھنے کی عادت ہے اس طرح یہ کتابیں پڑھنے کی سہولت میسر نہ تھی، کمپوٹر، لیپ ٹوپ، موبائل اور ٹیبلیٹ پر چند منٹ کے لئے تو انہیں دیکھا جاسکتا ہے، لیکن کتابیں پڑھنے کے لئے ان آلات کی اسکرینوں پر آنکھیں جمانا  ہمیں ہمیشہ آنکھیں پھوڑنے جیسا ہی محسوس ہوا۔

چند عرصہ بعد جب کینڈل آیا تو محسوس ہوا کہ امید کی ایک کرن جاگی ہے۔ کینڈل فورمیٹ میں دستیاب کتابیں پڑھنے کے لئے تو یہ آلہ بہت ہی مناسب اور مفید ہے، لیکن اس میں جو کتابیں دستیاب ہیں، وہ زیادہ تر وقت گذاری کی ہیں، اور ہمارے کام کی نہیں، اور یہ بنیادی طور پر یورپ والوں  کے مزاج کو دیکھ کر بنایا گیا ہے، کہ  حمام میں، سمندرکی ریتی پر، اور سفر میں ہلکی پھلکی ادب ،فکشن، ناول جیسی کتابیں پڑھنے کے یہ عادی ہیں۔لہذا کینڈل کا  سائز ایک ہتھیلی کے برابر رکھا گیا ہے، اور وزن دوسو گرام۔ لیکن کتابوں کے صفحات کا جو عمومی سائز ہے اس کے لئے یہ مناسب نہیں ۔ اور اے فور سائز کی پی ڈی یف جب ہتھیلی کے سائز والے کینڈل پر سکڑ جاتی ہے تو پھر حروف اتنے چھوٹے ہوجاتے ہیں کہ انہیں پڑھنے کے لئے خوردبین کی ضرورت پیش آتی ہے۔ لیکن اس میں شک نہیں کہ کینڈل کی روشنائی ، اور اس کا وزن ایسا ہی اٹھتے بیٹھتے ، لیٹتے سوتے، ہر کیفیت میں آدمی ہاتھ پر وزن محسوس کئے بغیر کتابیں پڑھ سکتا ہے، لیکن ہمارے پاس ہزار لاکھوں پی ڈی یف فورمیٹ میں جو کتابیں رکھی ہیں ان کا کیا کیا جائے۔ الحمد للہ اب اس کا حل سامنے آگیا ہے، اور ایک ایسا ای  ریڈر  بازار میں آگیا ہے جو اس ضرورت کو پورا کرنے میں بہت ہی ممد ومعاون ثابت ہوسکتا ہے، اور مروز زمانہ کے ساتھ ایک حد تک کاغذی کتاب کی ضرورت کو کم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

یہاں پر یہ جاننا مناسب معلوم ہوتا ہے  کہ موبایل ، لیپ ٹوپ جیسے آلات کی موجود گی میں ایک نئے آلے کی ضرورت آخر کیوں پیش آرہی تھی، تو عرض ہے کہ ۔

۔ یہ جتنے آلات ہیں آڈیو سننے یا ویڈیو دیکھنے کی غرض سے ایجاد ہوئے ہیں، لہذا ان کی اسکرین پر روشنی معکوس ہوتی ہے، اور ان  میں جو روشنائی استعمال ہوتی ہے وہ کتابوں کی آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچانے والی روشنائی نہیں ہے۔

۔ ان  کا وزن اتنا زیادہ ہے کہ آدمی دیر تک انہیں ایک ہی حالت میں ہاتھ پر رکھ کر کوئی چیز پڑھ نہیں سکتا۔

۔ کمپوٹر یا لیپ ٹوپ میں دوسرے آلات کے بالمقابل پڑھنے میں آسانی ہے، لیکن وہاں بھی ایک ہی حالت میں دیر تک بیٹھنے کی ضرورت پیش آتی ہے، جس سے گردن اور آنکھوں پر بوجھ پڑتا ہے، اور یہ اعضاء درد کرنے لگتے ہیں، لہذا پانچ دس منٹ سے زیادہ کچھ پڑھنا دشوار ہوتا ہے، جبکہ ایک آدمی کوئی دلچسپ کتاب گھنٹوں بیٹھ کر پڑھتا ہے۔

اس وقت ہمارے سامنے جو آلہ ہے اس کانام ہے بوکس  Boox       اور اسے اونیکس ONYX  کمپنی نے تیار کیا ہے۔ یہ ایک طرح سے ٹیبلیٹ کی طرح ہے، لیکن اس میں اور ٹیبلیٹ میں بنیادی فرق ہے، یہ آلہ کتابیں پڑھنے کے لئے بنایا گیا ہے، اور ٹیبلیٹ کتابوں کے لئے  مخصوص نہیں ہے۔

۔ اس میں کینڈل کی وہ کمیاں دور کی گئی ہیں ، جو پی ڈی یف کتابوں کے پڑھنے میں رکاوٹ بنتی ہیں۔ کینڈل کو ایک طرح سے ای فون اور بوکس کو انڈروئڈ سے تعبیر کرسکتے ہیں۔

۔ ای ریڈرکا  وزن ہلکا ہے، گھنتوں ہاتھ میں رہے تو کتاب سے زیادہ وزن محسوس نہیں ہوگا۔

۔ اونیکس بوکس کو جو چیز ممتاز کرتی ہے وہ یہ ہے اس میں تمام الکٹرونک فورمیٹس کی کتابوں کو پڑھا جاسکتا ہے۔

۔ پی ڈی یف کے لئے اس کی خصوصیت یہ ہے کہ حاشیہ کی خالی جگہ کو حذف کرکے صفحہ کے حجم کو چھوٹا اور بڑا کیا جاسکتا ہے۔ حروف کا حجم اس سے چھوٹا نہیں ہوتا۔

۔ اسکرین روشنی کے سامنے رکھیں تو اس پر چمک نہیں آتی، ٹیبلیٹ اور اس میں یہ بنیادی فرق ہے۔

۔ اس کے ساتھ ایک قلم بھی ہے جس کے ذریعہ آپ عبارت کو   مختلف رنگوں میں ہائی لاٹ کرسکتے ہیں، اس پر نوٹس لکھ سکتے ہیں، اور ایک پڑھی ہوئی کتاب کی طرح اسے کمپوٹر پر محفوظ بھی رکھ سکتے ہیں ۔

۔ الگ سے سینکڑوں صفحات کے نوٹس بھی لکھ کر محفوظ کرسکتے ہیں۔ اس سے نوٹ بک کی ضرورت ختم ہوجاتی ہے۔

۔ ہائی لائٹ کی ہوئی عبارتوں کو الگ سے محفوظ کرسکتے ہیں۔

۔ بیٹری بہت دن کام دیتی ہے۔

۔   گوگل پلے اسٹور کے ذریعہ مطلوبہ ایپ شامل کرسکتے ہیں، اورکتابیں ایمیل، ٹیلگرام ، گوگل ڈرائیو وغیرہ مختلف ذرائع سے اس میں شامل کرسکتے ہیں، شاملہ موبائل ورژن اس پر استعمال ہوسکتا ہے۔

۔ دن اور رات کسی بھی وقت آپ روشنی جلائے بغیر کتاب پڑھ سکتے ہیں۔

۱۰ انچ اور ۷۔۸ انچ  کے مختلف سائزوں میں اور، بلیک اینڈ وھائٹ اور کلر اسکرین دونوں میں دستیاب ہے، ہمارے زیر استعمال اس کا   پرانا ایڈیشن بلیک اینڈ وھائٹ بوکس نوا ایرAir   Book Nova   ہے۔ سائز  (  ۳۲) جی بی ہے۔اور ہمارے لئے کافی ہے۔

ایمازون پر دستیاب ہے، البتہ اس کی قیمت ہمیں اس قسم کے آلات کے تناسب   زیادہ ہے۔ اگر اللہ سہولت دے تو تجربہ کرنے میں مضائقہ نہیں۔ ان شاء اللہ گھاٹا نہیں ہوگا۔