اجتماعی مطالعہ کی افادیت۔۔۔ عبد المتین منیری۔ بھٹکل

Abdul Mateen Muniri

Published in - Other

07:31PM Thu 15 Jul, 2021

ادارہ ادب اطفال نے اجتماعی مطالعہ کے جو پروگرام شروع کئے ہیں اس پر مبارکباد کا مستحق ہے، کتابوں سے وابستگی کے سلسلے میں  جو بھی کوشش ہو وہ قابل تحسین ہے،ادارہ ادب اطفال کی جانب سے اجتماعی مطالعہ کے انداز سے محسوس ہوتا ہے کہ ایک شخص پڑھتا ہے اور دوسرے حاضرین سنتے ہیں، یہ طریقہ بھی مفید ہے۔

 اس کے ساتھ ساتھ اجتماعی مطالعہ کے دوسرے طریقے بھی مفید ہوسکتے ہیں:

۔ جب شرکاء فارغین مدارس ہوں، اور ان کا تعلیمی معیار بلند ہو تو پھر اس کے لئے ایک آدمی کے پڑھنے اور دوسروں کے سننے سے زیادہ مناسب یہ ہے کہ سب ایک دائرہ کی شکل میں بیٹھیں، سب کے ہاتھ میں کتاب ہو، اور سب باری باری پڑھیں اور دوسرے سنیں، دوسروں کا سننے اور خود سے پڑھنے میں بڑا فرق ہے،اس سے سب کی شراکت ہوتی ہے، اس کی افادیت اسطرح محسوس کرسکتے ہیں کہ قرآن کی تلاوتیں سننا مفید ہے، لیکن صرف سن کر آدمی دوسروں کی غلطیاں تو پکڑ سکتا ہے، لیکن صرف سن کر خود سے اچھا قاری اور حافظ نہیں بن سکتا۔

جامعہ میں معمول ہےکہ  عصر بعد کوئی اچھی اور موثر کتاب سنائی جاتی ہے، طلبہ اس سے کتنا مستفید ہوتے ہیں؟، اور یہ کس حد تک یہ صرف ایک روایت بن گئی ہے؟، یہ ہم سے بہتر دوسرے جانتے ہیں۔

 ۔ اس قسم کے اجتماعی مطالعہ میں کتابوں کا انتخاب بہت اہم ہے، سہل اور موثر عبارتوں کی حامل کتابوں کا انتخاب ہونا چاہئے، خالص علمی اور دقیق کتابوں کا نہیں، اس کے لئے خطیبانہ اسلوب اور حکایتی اسلوب کی کتابیں زیادہ مناسب ہوتی ہیں، اس سے پیدا ہونے والا جوش اور ولولہ یا تجسس مزید پڑھنے پر آمادہ کرتا ہے۔

آسان کتابوں کی ترجیح اس لئے ضروری ہےکہ فارغین کا معیار بہت گھٹ گیا ہے، اب ان میں سے ایک بڑی تعداد فضائل اعمال کی کتابیں بھی درست پڑھنے کی صلاحیت نہیں رکھتیں،اب کتاب سنانے والے سے بھرے مجمعے میں غلطیاں سرزد ہونگی تو پھر یہ سبکی کا باعث بنیں گی، اور اس سے فضیحت ہوگی، فارغین کو جوڑنے کے لئے، سامنے والے کی عزت نفس کا خیال رکھنا نہایت ضروری ہے، اس سے ہچکچاہٹ ختم کرنے اور اجتماعی مطالعہ کو مفید تر بنانے میں تعاون ملے گا۔

۔ ابتدائی جماعتوں کے بچوں میں اجتماعی طور پر کہانیاں سنانا بہت فائدہ مند ہوتا ہے،ہماری رائے میں اس کے لئے بچوں کے مظلوم ادیب مائل خیرآبادی مرحوم کی کتابیں سب سے مفید ہیں، اس میں کسی استاد کو انہیں سنانے اور سستانے کے لئے بچوں سے سنا جائے تو مفید رہے گا۔

2021-07-15