مرحوم جناب مظفر کولا صاحب۔۔۔۔از: ابو احمد یس یم

2/ذی الحجة الحرام 1441مطابق 23 جولائی 2020 رات تقریبا 10:30 مینگلور سے یہ خبر آئی کہ قوم نوائط کے قدیم ومشہور تاجر جناب مظفر کولا صاحب اس دارفانی سے رخصت ہوکر اللہ کے دربار میں حاضر ہوگئے ۔۔
انا للہ وانا الیہ راجعون
محترم مظفر کولا صاحب قوم نوائط کے قدیم و مشہورتاجر تھے۔ انہوں نے برصغیر (ہندوپاک) میں موجود سینکڑوں دینی اداروں کی اپنے ذاتی سرمایہ کے ذریعہ امداد کی۔ اور برصغیر(ہندوپاک ) میں سینکڑوں جگہوں پر جہاں مدارس،مکاتب ومساجد کی ضرورت تھی۔ مرحوم مظفر صاحب نے خود اپنے ذاتی سرمایہ کے ذریعہ وہاں کی تعمیری ضرورتوں کو پورا کیا۔ جو انشاءاللہ ان کیلئے ذخیرہ آخرت ہوگا۔ اور اس کے ذریعے سے جو علماء اور اکابرین تیار ہونگے ۔۔۔اور وہ امت مسلمہ کی خیر کے کاموں ، اور دین کے احیاء کے سلسلہ میں جو محنت کریں گے ۔۔۔انشاءاللہ اس کا بھرپور حصہ مرحوم مظفر کولا کو اللہ کی طرف سے ضرور عطا ہوگا ۔۔۔۔
مرحوم نے بھٹکل کے دینی ،سماجی، معاشی، طبی، تعلیمی، میدانوں میں جہاں کی جو ضرورتیں تھی ۔۔ان کو مکمل کرنے اور ان کو اپنے سرمایہ کے ذریعہ سے تقویت دینے میں بہت بڑا رول ادا کیا ۔۔۔جس کو قوم کبھی فراموش نہیں کرسکتی ۔۔۔۔انشاءاللہ اس کا بھرپور بدلہ آخرت میں اللہ ضرور دے گا ۔۔۔۔۔۔
مرحوم مظفر صاحب کو اللہ نے گوناگوں صفات سے نوازا تھا ۔۔۔۔ان کی بہت ساری صفات میں جن نمایاں صفات کی بناء پر بھٹکل و بیرون بھٹکل کے بہت سارے افراد متاثر ہوئے ۔۔۔وہ ان کی سخاوت دریا دلی اور مہمان نوازی ہے ۔۔۔۔جس کا ہر وہ شخص قائل ہے ۔۔۔جس کے ان کے ساتھ دن رات گزرے ہیں ۔۔۔۔۔۔اسی کے ساتھ ساتھ مرحوم مظفر کولا صاحب نے قوم کے بہت سارے افراد کو معاشی میدان میں آگے بڑھایا ہے ۔۔۔۔اور بہت سارے افراد کی معاشی ترقی ان ہی کی مرہون منت ہے۔
مرحوم مظفر کولا صاحب خود دین دار تھے۔ اور علماء و صلحاء بزرگان دین، اکابرین امت سے بے پناہ محبت کرتے تھے ۔۔۔۔ان کو اپنے گھر بلاکر مہمان نوازی کرنا اپنے لئے باعث سعادت سمجھتے تھے۔ ان کی آمد پر جلسوں کا انعقاد کرتے تھے ۔۔اور ان کی قیمتی باتوں کو قوم تک پہنچانے کی فکر کرتے رہتے تھے ۔۔۔۔
اللہ سے دعا ہے کہ اللہ ان کی مغفرت فرمائے ۔۔ان کی خدمات کوقبول فرمائے ۔۔۔اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔۔۔امین ثم امین