سچی باتیں۔۔۔ نئی ایجادات کے فائدے۔۔۔ تحریر: مولا نا عبد الماجد دریابادیؒ

Bhatkallys

Published in - Other

08:17PM Thu 3 Jun, 2021

1941-11-03

 ’’سائنس کے فضائل سنتے ایک عمر گزر گئی۔دُنیا کی ترقیاں سائنس سے وابستہ ہیں‘‘۔سائنس ہی نے ہمارے دماغوں کو منوّر، ہماری عقلوں کا روشن کردیاہے‘‘۔ قومیں سائنس ہی کے سہارے ترقی کرسکتی ہیں‘‘۔ کیسے کیسے عالی دماغوں نے اپنی زندگیاں سائنس کی خدمت کے لئے وقف کردیں‘‘۔ دنیا پر کیسے کیسے احسانات ہیں ، سائنٹفک ایجادات کے، اکتشافات کے، آلات کے‘‘!……فضائل سب درست، ارشادات سب بجاسہی، گزارش صر ف اتنی ہے، کہ ان ایجادات سے، آلات سے، نفع کن کن طبقوں کو پہونچا؟ لذت اندوز کون کون ہوئے یا ہورہے ہیں؟جو پست تھے، وہ بلند ہوئے، یا یہ کہ جو بلند تھے ، وہی بلند تر، اور جو پست تھے وہی پست تر ہوتے چلے گئے؟

ریل سے سب سے زیادہ فائدہ کون اُٹھا رہے ہیں؟ تاجر، بیوپاری، بنئے، مہاجن ، ساہوکار، سرمایہ دار، زمیندار، رئیس، نواب، راجے، مہراجے، حکّام یا حکومتیں۔ یا اس کے برعکس غریب مزدور، مفلس کاشتکار، پسینے میں ڈوبے ہوئے کہار، بیگار میں پکڑے جانے والے چمار؟ تارسے ، ٹیلیفون سے، لاسلکی سے، ریڈیو سے، ٹیلی ویژن سے، اصلًا نفع پہونچانا کسے مقصود ہے؟ زرداروں کو یا ناداروں کو؟ مشین گن، رائفلیں، زہریلی گیسیں، آبدوز کشتیاں، بحری سرنگیں، گولہ بارود، ڈائنامائٹ، ٹینک، طیّارے، ہوائی جہاز، کام کس کے آرہے ہیں؟ جابر بادشاہوں کے سنگدل سپہ سالاروں کے، یامحتاج، فاقہ کش عوام کے؟ موٹریں، دوربینیں، سنیما ، ٹاکیز، گراموفن، بجلی کے قمقمے، بجلی کے پنکھے، امراء اور سرمایہ داروں کے محلوں کو گل وگلزار بنائے ہوئے ہیں، یا غریبوں، مفلسوں، کنگالوں، کے جھوپڑوں کو؟’’منع حمل‘‘ کے جو جو طریقے ایجاد ہوئے، اُن سے ضبطِ نفس کی عادت بڑھی، یا جو عیّاش طبع تھے، وہ عیاش تر ہوگئے؟ انجینری اور صناعی کے نادر سے نادر نمونے، کچھ آج ہی سے نہیں، شروع سے قصر شاہی کے نقش ونگار ہیں یا گداگری کے پیوند؟

خوب سوچ لیجئے، خوب نظر دوڑا کر دیکھ لیجئے۔ جس سائنس کی شان میں اتنی قصیدہ خوانی ہوتی رہی ہے،اُس کا تعلق عوام وغرباء کے فلاح سے کتنا ہے، اور ملوک وامراء کی حاشیہ برداریوں سے کتنا؟ جس سائنس کی اتنی دھوم مچی ہوئی ہے، وہ امیروں کے محل کی کنیز ہے، یا غریبوں کی جھوپڑی کا چراغ؟ کیمسٹری، ریاضیات، انجینری، جغرافیہ ، بیالوجی، میڈیسن، سارے ’’علوم عالیہ‘‘ کی ترقیاں اور اُن کے نتائج تحقیق، بے تکلّف کیپٹلزم کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں یا نہیں؟ ملوکیت وسرمایہ داری کے حلیف بنے ہوئے ہیں یا نہیں؟……اور پھر یہ کیاہے، کہ ’’انقلاب زندہ باد‘‘ اور ’’سرمایہ داری برباد‘‘ کے نعرے جب بلند ہوتے ہیں، تو ان کی کوئی زد سرمایہ داری کے اس زبردست اور سب سے بڑے حلیف پر کیوں پڑتی؟

http://www.bhatkallys.com/ur/author/abdulmajid/