ستمبر 27: ممتاز کالم نگار ، نقاد اور شاعر ظفر اقبال کا یومِ پیدائش ہے

Bhatkallys

Published in - Other

02:07PM Sat 30 Sep, 2017
از: ابوالحسن علی بھٹکلی ظفر اقبال کا پہلا مجموعہ کلام ’’آب رواں‘‘ 1962ء میںشائع ہوا تھا جس کے شائع ہوتے ہی ظفر اقبال اردو کے صف اول کے شعرأ میں شمار ہونے لگے۔ اس کے بعد ان کے دیگر مجموعے گلافتاب، رطب و یابس، عہد زیاں،غبار آلود سمتوں کا سراغ، سر عام ، عیب و ہنر، ہے ہنومان، اطراف اور تفاوت کے نام سے شائع ہوئے۔ ان کی شاعری کی کلیات ’’اب تک‘‘ کے نام سے پانچ جلدوں میں شائع ہوچکی ہے، جس کی ہر جلد میں پانچ پانچ سو غزلیں شامل ہیں۔ ان کے کالموں کا مجموعہ ’’دال دلیہ‘‘ کے نام سے شائع ہواہے۔ ظفر اقبال اردو سائنس بورڈ کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ حکومت پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا ہے۔ ۔۔۔ انٹرویو: سرور ارمان‘ ریحانہ یاسمین عہد ساز شاعر اور منفرد کالم نگار جناب ظفر اقبال کا ادبی و صحافتی سفر کم و بیش پچاس سالوں پر محیط ہے۔ اپنے مخصوص شعری مزاج اور اسلوب کے حوالے سے وہ اپنی الگ پہچان رکھتے ہیں۔ حال ہی میں کی گئی ان کے ساتھ ملاقات کا احوال معززقارئین کے ذوقِ مطالعہ کی نذر ہے۔ لوگ ہی آن کے یکجا مجھے کرتے ہیں کہ میں ریت کی طرح بکھر جاتا ہوں تنہائی میں س: ظفر اقبال صاحب ہمارا اعزاز ہے کہ آپ نے ہمارے لیے کچھ وقت نکالا۔ گفتگو کے آغاز میں اپنی زندگی کے ابتدائی ایام کی کچھ یادیں تازہ کیجیے۔ ج: میری پیدائش میرے ننھیالی گاﺅں بہاول نگر میں ہوئی۔ وہیں ہمارے ایک استاد نور احمد انجم‘ جو شاعر بھی تھے‘ وہ ہمیں تختی پر پورنے ڈال کر دیتے اور ہم اس پر قلم چلاتے تھے۔ پہلے چھوٹے چھوٹے الفاظ پھر فقرے اور اس کے بعد انہوں نے تختی پر اشعار لکھنا شروع کر دئیے۔ چونکہ شعر لکھتے تھے اس لیے ہم پڑھتے بھی تھے۔ چنانچہ انہی اشعار کی وجہ سے طبیعت موزوں ہوگئی۔ اس سے قبل میرے خاندان میں کوئی شاعر نہ گزرا تھا۔ نہ ہی میں نے کبھی بحروں کی گردان کی ہے۔ بس تختی پر لکھتے ہوئے شاعری سے واقفیت حاصل کی۔ اس کے بعد میں نے اوکاڑہ سے میٹرک کیا۔ ایف سی کالج لاہور سے انٹرمیڈیٹ اور گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجوایشن کیا اور لاءکالج سے ایل ایل بی مکمل کیا۔ پھر 1995ءمیں مجھے ڈی جی اردو سائنس بورڈ لگا دیا گیا۔ دو سال کے بعد میں نے ہائی کورٹ میں پریکٹس شروع کر دی۔ شاعری بھی ساتھ ساتھ جاری رہی۔ کالم نگاری بھی کی اور اب دل کی بائی پاس سرجری کے بعد گھر پر ہی ہوتا ہوں۔ اب بچے مجھے کام نہیں کرنے دیتے لیکن اس دوران میں نے یہ قابلِ ذکر کام کیا ہے کہ اپنے کام اپنی تحریروںاور شاعری کو مجتمع کیا ہے۔ میرے کلیات ”اب تک“ کی جلد چہارم چھپ چکی ہے۔ پانچویں جلد تیار ہے۔ میرے نثری کام‘ تحریروں اور کالم پر مبنی ایک کتاب بھی چھپنے کو تیار ہے۔ س: جب آپ نے باقاعدہ شاعری کا آغاز کیا تو کس سے متاثر ہوئے اور کن استادوں سے رہنمائی حاصل کی؟ ج: مزیداری کی بات ہے کہ نہ شاعری میں میرا کوئی استاد ہے اور نہ ہی شاگرد۔ میں کسی سے بھی متاثر نہ تھا‘ بلکہ میرا پہلا قطعہ فارسی زبان میں تھا۔ اس وقت میں ایف سی کالج میں پڑھتا تھا: دل شکستہ سلام می گوید زار و خستہ سلام می گوید دست و پائش بہ بستی و رفتی دست بستہ سلام می گوید ایک خوبصورت دور تھا ہم عمر ساتھیوں کے ساتھ تبادلہ  خیال ہوتا۔ ان کے شعر سنتے تھے اور انہیں اپنے شعر سناتے تھے۔ س: آپ کو جدید اردو شاعری کا نمائندہ شاعر سمجھا جاتا ہے۔ آپ نے شاعری میں رونے دھونے کی روایت کے برعکس شگفتہ موضوعات متعارف کرائے۔ ج: صرف رونا دھونا ہی زندگی نہیں ہے۔ باقی چیزیں بھی زندگی کا حصہ ہیں۔ وضو کرکے مصلے پر بیٹھ کر غزل کہنا بھی ہرگز ضروری نہیں۔ شاعری میں مزاح‘ شگفتگی اور پھکڑ پن بھی ہو سکتی ہے کیونکہ زندگی بہت متنوع ہے اس لیے جیسی زندگی ہے شاعری بھی ویسی ہی ہونی چاہیے۔ زندگی کے جتنے رنگ ہیں اتنے ہی رنگ شاعری کے بھی ہوتے ہیں۔ س: ہر شاعر کا اپنے ہم عصر شعراءسے موازنہ اور مقابلہ کیا جاتا ہے۔ نقادوں نے آپ کا مقابلہ کن لوگوں سے کیا؟ ج: شعراءمیں رشک یا حسد کا جذبہ بھی ضرور پایا جاتا ہے۔ نقاد شروع ہی سے میرے بارے میں مختلف آراءرکھتے ہیں اور یہ میرے لیے اچنبھے کی بات نہیں ہے کیونکہ میرا کام ہی ایسا ہے اور میں نے کبھی ان لوگوں کی پروا نہیں کی۔ اپنی مرضی سے شاعری کی ہے اور اب تک کر رہا ہوں۔ نقاد کی رائے میں اس کی داخلی کیفیت اور ذاتی نقطہ نظر بھی شامل ہو سکتا ہے۔ تجزیہ مثبت بھی ہو سکتا ہے اور منفی بھی۔ شمس الرحمن فاروقی بہت بڑا نقاد ہے۔ اس نے تو ایک بار یہ بھی کہا کہ ظفر اقبال غالب سے بڑا شاعر ہے۔ بھارت میں میری شاعری بہت موضوع بحث رہتی ہے۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سید طاہر حسین جو کہ شعبہ انگریزی کے صدر تھے۔ انہوں نے ایک مضمون میں لکھا کہ کچھ عرصہ بعد ظفر اقبال کو لوگ اسی طرح پڑھیں گے جس طرح آج غالب کو پڑھا جا رہا ہے۔ کرنے والے تو میرا مقابلہ غالب کے ساتھ کر رہے ہیں۔ جیلانی کامران نے میری کتاب ”غبار آلود سمتوں کے سراغ“ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ کتاب ظفر اقبال کا شاہکار ہے اور اسے دیوانِ غالب کے مقابلے میں رکھا جا سکتا ہے۔ شمس الرحمن فاروقی نے کہا کہ ظفر اقبال کا مجموعہ کلام ”گلافتاب“ دیوان غالب کے بعد تہلکہ خیز ترین کتاب ہے۔ یہ صرف خدا کی مہربانی ہے وگرنہ میں عجز و انکسار کا آدمی ہوں اور شروع سے اپنا انکار ہی کرتا آیا ہوں۔ اپنے ایک مضمون میں جو کہ ’سیپ‘ میں شائع ہوا۔ میں نے برملا کہا کہ میں تو دنیائے شعر کا محض ایک سیاح ہوں۔ میں تو یہ بھی نہیں کہتا کہ میں ایک شاعر ہوں۔ ایک بار میں نے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ بہت ممکن ہے کسی روز صبح اٹھ کر میں اپنی ساری شاعری کو منسوخ کر دوں۔ س: ایک وکیل‘ کالم نگار اور شاعر میں سے کون سی حیثیت آپ کو زیادہ پسند ہے؟ ج: وکالت کو میں نے زیادہ وقت نہیں دیا۔ گذشتہ چالیس سال سے کالم نویسی کر رہا ہوں۔ تواتر کے ساتھ کام کرتے ہوئے انسان اپنی ایک مخصوص طرز اختیار کرتا ہے اور اس سے لطف اندوز بھی ہوتا ہے۔ ہمیشہ میں نے اپنی شاعری کو زیادہ اہمیت دی ہے اور اس سے زیادہ لطف اندوز ہوا ہوں۔ س: اردو سائنس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے آپ کا تجربہ کیسارہا؟ ج: میرے دور میں اردو سائنس بورڈ کو قائم ہوئے پچاس سال مکمل ہوئے تھے۔ ہم نے اس کی گولڈن جوبلی منائی اور اس موقع پر خصوصی طور پر پچاس کتابیں شائع کیں۔ یہ کام نہ اس سے قبل ہوا نہ بعد میں کہ یک مشت پچاس کتابیں شائع کرکے پیش کر دی گئی ہوں۔ یہ کتب سائنسی موضوعات پر تھیں جن سے نوجوان طالب علموں کی علمی قابلیت اور سائنس فہمی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ ج: آپ کے ہاں شاعری کے موضوعات‘ الفاظ کے انتخاب‘ املاءاور انداز میں روایات سے ہٹ کر ایک انفرادیت پائی جاتی ہے۔ آپ کے نزدیک اس کے محرکات کیا ہیں؟ ج: جس طرح سکے استعمال کے بعد گھس جاتے ہیں اسی طرح الفاظ بھی کثرتِ استعمال سے گھس جاتے ہیں۔ کچھ الفاظ جیسے کہ فنکار‘ درد وغیرہ معنی دینا چھوڑ چکے ہیں یا کم از کم میری تسلی کے لیے کافی نہیں۔ ایک اصلی شاعر اپنی زبان خود ساتھ لے کر آتا ہے اور جو اس سے پہلے موجود ہیں ان سب کی تکذیب کرتا ہے اور سمجھتا ہے کہ جو میں کہوں گا کہ وہ ہی درست ہے۔ شعوری یا لاشعوری سطح پر ہر شاعر ایسا کرتا ہے۔ زبان ہی شاعر کا ہتھیار ہے جس سے اس نے شاعری کرنی ہے۔ اپنا اظہار اور اپنا دفاع کرنا ہے۔ اس لیے ہتھیار اپنی مرضی اور پسند کا ہونا چاہیے۔ اگر کند ہتھیار استعمال کیا جائے تو کام نہیں چلے گا۔ س: شاعروں اور لکھنے والوں کا ایک سیلاب ہے جو امڈا چلا آ رہا ہے۔ کیا اس میں راستہ بنانا واقعی مشکل ہے؟ ج: شاعری کرنا‘ نئی طرح ڈالنا اور نیا اسلوب متعارف کرانا اتنا آسان کام نہیں جتنا کہ لوگ سمجھتے ہیں۔ بہت سے لوگ صرف شوقیہ شاعری کرتے ہیں اس لیے کہ لوگ کہیں کہ یہ شاعر ہے۔ خود پیسے خرچ کرکے کتاب چھپواتے ہیں اور دوستوں میں بانٹ کر صاحب کتاب ہو جاتے ہیں یہ اصل شاعری نہیں بلکہ صرف موزوں گوئی ہے کہ آپ ایک فقرہ موزوں کر لیتے ہیں۔ قافیہ‘ وزن اور ردیف کے حوالے سے اور کہتے ہیں کہ یہ شعر ہے۔ شعر ایسے نہیں بنتے شعر وہ ہے جسے ساری دنیا مانے کہ یہ شعر ہے۔ آمد تو سب کو ہوتی ہے مگر اچھے شعر کا انحصار اس بات پر ہے کہ آمد کس کو ہو رہی ہے آیا وہ ایک اصلی شاعر ہے؟ میں اکثر کہتا ہوں کہ جس شاعر کا ’جن‘ جتنا بڑا ہے وہ اتنا بڑا شاعر ہے اور ’جن‘ سے مراد توفیق یا شاعری کرنے کی طاقت ہے۔ یہ صلاحیت ہی ہوتی ہے جو آپ سے شعر کہلواتی ہے اور اس کا معیار متعین کرتی ہے اور لوگوں میں آپ کی شناخت کراتی ہے۔ س: آپ نے اپنی شاعری کی صلاحیت کو جِلا دینے کے لیے کن شعراءکا مطالعہ کیا؟ ج: مجھے کسی زمانے میں لگتا تھا کہ میں نے بھی کبھی شعر کہنا ہے چنانچہ جب میں آٹھویں جماعت کا طالب علم تھا تو کلیاتِ میر اور چغتائی کا ڈیزائن کیا ہوا دیوانِ غالب خرید کر گھر لے آیا اور انہیں سرسری طور پر پڑھا۔ مجھے معلوم تھا کہ میں نے شعر کہنا ہے۔ چنانچہ میں نے محسوس کیا کہ اگر یہ دونوں ’جن‘ میرے سر پر سوار رہے تو میں شعر کہہ چکا۔ چنانچہ یہ دونوں کتابیں میں نے تحفتاً دوستوں کو دے ڈالیں۔ کسی کی شاعری کو سرپر سوار نہیں کرنا چاہیے۔ خود اپنی نظر سے تنقیدی جائزہ ضرور لیں۔ شعر آپ کے بچوں کی طرح ہی ہوتے ہیں۔ چنانچہ انہیں شیر کی نظر سے دیکھنا چاہیے۔ انہیں سخت تنقیدی نظر سے دیکھیں۔ بڑے سے بڑا شاعر خامیوں سے مبرا نہیں۔ میں نے خود غالب کی شاعری میں بہت سی غلطیاںپائی ہیں۔ س: آپ کی شاعری کو کہاں پر زیادہ پذیرائی ملی؟ ج: بھارت میں بہت سے لوگ میری اور غالب کی شاعری کا آپس میں موازنہ و مقابلہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بھارت سے آنے والے شعراءاکثر مجھ سے ملاقات کے خواہاں ہوتے ہیں۔ ایک بار مجھے کسی نے بتایا کہ بھارت کے اکثر شہروں میں ادبی انجمنوں میں دو گروہ بنے ہوئے ہیں۔ پروظفر اقبال اور اینٹی ظفر اقبال۔ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں وہاں بھی زیر بحث ہوں جہاں زندگی میں کبھی نہیں گیا۔ کوئی مجھے بر ابھلا کہہ رہا ہے کوئی میرا ذکر محبت سے کر رہا ہے۔ بہرحال یہ میرے لیے بڑی بات ہے۔ لوگوں کی شاعری عوام تک گلوکاروں کے ذریعے پہنچتی ہے مگر میری شاعری عام آدمی تک کتاب کے ذریعے پہنچی ہے۔ س: رائے عامہ کی تشکیل میں میڈیا کا بہت اہم کردار ہے۔ کیا اس عمل میں میڈیا غلطی کا مرتکب بھی ہوتا ہے؟ ج: میڈیا بہت مضبوط محاذ ہے۔ ہمارا کوئی ادارہ کبھی اتنا مضبوط نہیں رہا۔ گھروں میں بیٹھے ہوئے لوگوں کو معلومات میسر آجاتی ہیں اور وہ اس سے متاثر ہوتے ہیں۔ میڈیاکو چلانے والے بھی انسان ہیں اور ان سے غلطی بھی سرزد ہوتی ہے۔ حکومت جو مرضی کہتی رہ جائے لیکن جو نقطہ نظر میڈیا کی بدولت پروان چڑھتا ہے وہ دیر تک قائم رہتا ہے۔ س: آپ نے بہت تواتر کے ساتھ شاعری تخلیق کی ہے اور آپ کے ہاں تخلیقی مواد کا وفور پایا جاتا ہے۔ اس بارے میں کچھ بتائیے؟ ج: میں تقریباً پچاس سال سے لکھ رہا ہوں اور شاعری کے مجموعے تین ہزار سے زیادہ صفحات پر پھیل چکے ہیں۔ ایک میٹنگ کے دوران ایک نوجوان نے مجھ سے سوال کیا کہ ظفر صاحب ”تسی بس کدوں کرنی ایں“۔ میں نے اسے اپنا ایک شعر سنایا: یہ ابھی تو میری سمجھ میں بھی نہیں آ رہی میں جبھی تو بات کو مختصر نہیں کررہا س: آپ نے کالم نویسی بھی تواتر کے ساتھ کی۔ آپ اس لیے لکھتے تھے کہ لکھنا طے پا چکا تھا یا پھر کوئی اندرونی تحریک آپ کو مائل کرتی تھی؟ ج: جو باتیں طے ہو جائیں انہیں بھی پورا کرنا چاہیے۔ وعدہ بھی تبھی کرتے ہیں لکھنے کا جب آپ کے پاس واقعی کچھ لکھنے کو موجود ہو۔ جب آپ کا ایک خاص اندازِ تحریر ہو جسے لوگ پسند کرتے ہوں اور آپ کے قارئین کا ایک حلقہ موجود ہو۔ ہاں خارجی تحریک اس طرح ملتی ہے کہ آپ کو مطالعہ بھی کرنا پڑتا ہے۔ روزانہ کئی اخبارات کا مطالعہ کرنے اور طرح طرح کی خبریں پڑھنے کے بعد آپ اسی مواد میں سے اپنا کالم نکالتے ہیں۔ کبھی کوئی خاص واقعہ آپ کو متاثر کرتا ہے تو اس کے بارے میں لکھ دیتے ہیں اور یوں یہ سلسلہ چلتا رہتا ہے۔ سرمد صہبائی کی کوشش کے باوجود میں نے ڈرامہ نہیں لکھا اور نہ کسی اور ادبی صنف کی طرف آیا۔ شاعری اور کالم نویسی میں نے کی ہے۔ س: آفتاب اقبال کو اپنی پہچان بنانے میں آپ کے حوالے کی کس حد تک ضرورت پڑی؟ ج: میرے بیٹے آفتاب اقبال میں مجھ سے بہتر صلاحیتیں موجود ہیں۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو میرے سائے میں اس کا آگے بڑھنا بہت مشکل ہوتا۔ س: ریٹائرمنٹ کے دنوں میں آپ کے کیا مشاغل ہیں؟ ج: میں چونکہ گھر سے بہت کم نکلتا ہوں اس لیے توقع رکھتا ہوں کہ دوست میرے پاس آئیں۔ ہر نئی صبح کا انتظار اس لیے ہوتا ہے کہ میں اپنا کالم دیکھوں مبادا کوئی خامی تو نہیں رہ گئی۔ س: کچھ کالموں میں کل کی پیش گوئیاں نظر آتی ہیں اور کچھ کالم آج کل ایسے لکھے جا رہے ہیں‘ جن کو پڑھ کر صاف معلوم ہوتا ہے کہ کن لوگوں کے حق میں لکھے گئے ہیں۔ یہ اسلوب کس حد تک کالم نگاری کو متاثر کرتا ہے۔ ج: سیاست دانوں نے اقتدار اور کاروبار کو یکجا کر دیا ہے۔ کالم بھی بکتے ہیں۔ کچھ لوگ سیاسی جماعتوں سے چند مفادات کے عوض اپنے کالموں میں ان کی تعریفوں کے پل باندھتے اور دوسروں پر کیچڑ اچھالتے نظر آتے ہیں۔ اسی طرح ان لوگوں کی جائیدادیں بن رہی ہیں۔ مجھے بھی اس طرح کی پیشکشیں ہوتی ہیں مگر میں کسی کا لحاظ نہیں کرتا۔ جب میں لکھ رہا ہوں تو حقیقت کی عکاسی کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ تمام پارٹیاں‘ لیگیں اور تحریکیں میرے لیے برابر ہیں۔ تبدیلی لانے کے لیے اور انفرادیت برقرار رکھنے کے لیے جرات سے کام لینا پڑتا ہے۔ میں تو ٹی وی اور ریڈیو پر بھی ہمیشہ اپنی نئی غزل اور تازہ کلام پیش کرتا ہوں۔ دلیری کے ساتھ اپنی صلاحیتوں کو منوایا جانا چاہیے۔ اختلاف رائے کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔ اختلاف بہت ضروری ہے۔ شیکسپیئر کہتا ہے کہ اگر آپ کے ساتھ سب اتفاق کرتے ہیں اور کوئی اختلاف نہیں کرتا تو آپ ایماندار آدمی نہیں ہیں۔ س: محبت ایک لطیف جذبہ ہے۔ اس حوالے سے آپ کا تجربہ کیسا رہا؟ ج: اس سوال کے جواب میں ایک شعرکہ بار بار دل کی یہ حالت ہوتی رہنی چاہیے مجھ سے اگر پوچھو تو محبت ہوتی رہنی چاہیے ٭٭٭ بشکریہ دنیا اخبار (ان کے فرزند آفتاب اقبال بھی کالم نگار اور شاعر ہے۔ جیو نیوز کے پروگرام خبرناک کے سابق میزبان ہیں۔اس سے قبل وہ حسبِ حال کی بھی میزبانی کر چکے ہیں۔جیو نیوز کے متنازع ہونے کے بعد انھوں نے پروگرام سے استعفی دیا۔۔ آجکل وہ خبردار پروگرام ایکسپریس گروپ کے ساتھ منسلک ہیں ) ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ منتخب کلام ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ انکار دوسروں کی حقیقت سے ہو جسے دنیا میں اس کا اپنا فسانہ کہیں نہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔ یقیں کی خاک اڑاتے گماں بناتے ہیں مگر یہ طرفہ عمارت کہاں بناتے ہیں لگا رہے ہیں نۓ ذائقوں کے زخم ابھی اساسِ فِکر نہ طرزِ بیاں بناتے ہیں قریب و دور سے بے جوڑ عکس اشیا کے تلاش کرتے ہیں اور داسےاں بناتے ہیں کہ مل سکے نہ ہمارا سراغ ہم کو بھی بناے ابر و ہوا پر مکاں بناتے ہیں پرانے ظلم میں لذت نہیں ہمارے لیے ہم اپنے سر پہ نیا آسماں بناتے ہیں نہیں نصیب میں مرنا سوادِ ساحل پر جو ڈوبنے کے لیے کشتیاں بناتے ہیں فلک پہ ڈھونڈتے ہیں گردِ رنگِ رفتہء دل زمیں پہ شامِ طلب کا نشاں بناتے ہیں وہ کی لَے پہ لرزتا ہے برگ برگ بدن اُس ایک تنگ سے نقشِ خزاں بناتے ہیں ظفرؔ ! یہ وقت ہی بتلاۓ گا کہ آخر بِگاڑتے ہیں زُباں یا زُباں بناتے ہیں ("اب تک" کلیات جلد اول سے انتخاب) ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ عرش پاتال ہو گۓ میرے لوگ بدحال ہو گۓ میرے شہر ویران ہو گیا یکسر باغ پامال ہو گۓ میرے کوئلیں میری ہو گئیں خاموش مور بے چال ہو گۓ میرے کوئی منظر کہیں بچا ہی نہیں خواب کنگال ہو گۓ میرے رات دن بوجھ بانٹنے والے فارغ ابال ہو گۓ میرے گِرہ کٹ چور اٹھائی گیر سبھی قافلے وال ہو گۓ میرے دل کے اندر گِرا تھا خون مگر فرش کیوں لال ہو گۓ میرے کوئی پہچان ہی نہیں پاتا کیا خدو و خال ہو گۓ میرے گرم گُفتار ہوں ظفرؔ کتنا حرف سیال ہو گۓ میرے "اب تک" ۔ کلیات جلد اول سے انتخاب ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ کہیں پر ہے نِشاں میرا نہ کوئی نام رکھتا ہوں جو رکھتا ہوں تو اِک آغازِ بے انجام رکھتا ہوں مری اِس سے زیادہ کامیابی اور کیا ہو گی کہ مَیں سامان میں اپنے دلِ ناکام رکھتا ہوں پرندہ سا کوئی مجھ میں بھی پھنستا پھڑپھڑاتا ہے جو اپنے آپ میں پھیلا ہوا اِک دام رکھتا ہوں نجانے کوون سے سانچے میں کب ڈھلنا پڑے مُجھ کو اِسی خاطر ہمیشہ طبع اپنی خام رکھتا ہوں مُجھے یہ آسماں ہے سر چھپانے کے لیے کافی در و دیوار ہیں میرے نہ کوئی بام رکھتا ہوں یہ کارِ عاشقی بھی آ پڑا ہے یُونہی رستے میں وگرنہ مَیں تو اپنے کام سے کام رکھتا ہوں مرے اوقات بھی سارے کے سارے ہو چکے اُس کے کہ اپنی صبح رکھتا ہُوں نہ اپنی شام رکھتا ہُوں مَیں خُود تو مُضطرب رہتا ہی آیا ہۃوں ہمیشہ سے اُسے بھی آج کل تھوڑا سا بے آرام رکھتا ہوں کسی شے میں ، ظفرؔ ، بس کُچھ مِلا دیتا ہُوں چپکے سے یہ طرزِ خاص ہے میری جسے مَیں عام رکھتا ہُوں "اب تک" کلیات جلد دوم سے انتخاب ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ پھیلتا جاتا ہے کاغذ پہ علاقہ میرا کیوں نہ ہو باعثِ تخلیق دھماکا میرا بنتی مِٹتی مری تصویر خلا میں ہے وُہی آسمانوں میں اُڑا کرتا ہے خاکہ میرا بے خبر رہتے مرے کانچ کے دِل سے یُونہی لوگ گِر کے ٹُوٹا تو سُنا سب نے چھناکا میرا مَیں کسی اور کی دُھن فش کہیں پِگرتا رہا ، اور میرے پیچھے یُونہی خالی رہا ناکا میرا مَیں نے ہتھیار ہی جب پھینک دِیے لڑتے ہُوۓ فتح پھر ہوتا نہ کِس طرح سے ڈھاکہ میرا کُچھ مُجھے خلق بھی رکھتی رہی مشغُولِ فساد کُچھ لہُو بھی تھا زیادہ ہی لڑاکا میرا حرفِ بے معنی سے ہوتی ہے مری افزایش صِفر لگنے سے ہی بنتا ہے دہاکا میرا ڈرتے ڈرتے یُونہی آغاز کِیا مَیں نے سُخن رفتہ رفتہ یُونہی کُھلتا گِیا جھاکا میا سعیِ فن میں جو بُہت زور لگاتا ہُوں ، ظفرؔ کُچھ اِسی طرح سے نکلے گا کڑاکا میرا "اب تک" کلیات جلد سوم سے انتخاب