عیدالاضحیٰ کے موقع پر صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے دیا مسلمانوں کو اہم پیغام

04:38PM Wed 28 Jun, 2023

نئی دہلی: 28 جون 23  (پریس ریلیز) آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر حضرت مولانا خالدسیف اللہ رحمانی صاحب نے عیدالاضحی کی مناسبت سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام سخت مخالف حالات میں بھی پوری قوت کے ساتھ عقیدہ توحید پر قائم رہے، انہوں نے سورج پرستی، بت پرستی اور شرک کی تمام قسموں کو ردفرمایا اور ہر حال میں ایک خدا کی عبادت کی دعوت دی، موجودہ حالات میں ملت اسلامیہ ہند کے لئے اِس اسوۂ ابراہیمی کی بڑی اہمیت ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم اپنے ہمسایوں کے ساتھ بھائی چارہ کا تعلق رکھیں، ایک دوسرے کے ساتھ بہتر اخلاق کے ساتھ پیش آئیں اور بلاامتیاز مذہب ہرایک کے کام آئیں، مگر اپنی مذہبی شناخت کو متأثر نہیں ہونے دیں، مشرکانہ افکار ورسوم سے دور رہیں اوراس راہ میں جوآزمائشیں پیش آئیں ان پر صبر واستقامت اختیار کر یں، برادران وطن کے درمیان اسلام کاتعارف کرائیں اور پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی انسانیت نواز تعلیمات کوپیش کریں، حیات ابراہیمی کا سبق یہ بھی ہے کہ ہم اللہ کے دئے ہوئے  قانون ہی پراپنے آپ کو کار بند رکھیں اور ہرطرح کے انسانی خود ساختہ قانون کو رد کردیں، اسی لئے ہم یونیفارم سول کوڈ کو مسترد کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس مجوزہ  منصوبہ کو ملتوی کردے۔