وینٹی لیٹر پر متنازعہ مصنف سلمان رشدی، ایک آنکھ خراب، جگر کو بھی نقصان

11:38AM Sat 13 Aug, 2022

نیو یارک : 13 اگست،2022 (ایجنسی) متنازعہ مصنف سلمان رشدی کی حالت بدستور تشویشناک ہے۔ اس وقت وہ وینٹی لیٹر پر ہیں۔ اندیشہ ہے کہ حملے میں ان کی ایک آنکھ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے جگر میں بھی چاقو کے وار کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے جگر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ سلمان رشدی کے ایجنٹ اینڈریو وائلی نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی حالت تشویشناک ہے۔ وہ کچھ بولنے سے قاصر ہیں۔ ساتھ بتایا کہ چاقو سے حملے میں ان کے ہاتھ کے نسیں بھی کٹ گئی ہیں۔ وائلی نے کہا کہ رشدی کی حالت کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جا سکتا ہے کہ خبر اچھی نہیں ہے۔ بنگلہ دیش کی مشہور مصنفہ تسلیمہ نسرین نے سلمان رشدی پر حملے کے بعد تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ سلمان رشدی پر نیویارک میں حملہ ہوا ہے۔ یہ واقعی چونکا دینے والا ہے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایسا ہو گا۔ وہ مغرب میں رہ رہے تھے اور انہیں 1989 سے سکیورٹی دی جارہی تھی۔ اگر ان پر حملہ ہو سکتا ہے تو اسلام پر تنقید کرنے والے پر بھی حملہ کیا جا سکتا ہے۔ یہ فکر کی بات ہے۔ متنازعہ  مصنف سلمان رشدی پر جمعہ کو امریکہ کے شہر نیویارک میں ایک تقریب کے دوران چاقو سے حملہ کیا گیا۔ اس دوران رشدی کی گردن سے کافی خون نکلا۔ رشدی پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ مغربی نیویارک میں ایک تقریب میں لیکچر دینے والے تھے۔ ابھی تک رشدی کی اسپتال میں سرجری ہوئی ہے اور انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔ حملہ آور کی شناخت نیو جرسی سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ ہادی متار کے طور پر ہوئی ہے۔