حجاب معاملہ پر عدالتی کارروائی کل تک کے لیے ملتوی: کرناٹک حکومت نے ہائی کورٹ میں کیمپس فرنٹ آف انڈیا کی تفصیلات جمع کرائیں
03:32PM Thu 24 Feb, 2022
بینگلورو: 24 فروری، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو/ ذرائع) کرناٹک ہائی کورٹ نے آج عدالت میں وکیلوں کے دلائل سننے کے بعد بقیہ دلائل سننے کے لیے عدالتی کارروائی کو کل تک کے لیے ملتوی کیا ہے اور کہا ہے کہ عدالت کل اس معاملہ میں بقیہ وکیلوں کے دلائل کو سن کر سماعت مکمل کرے گی۔
آج کی عدالتی کارروائی کے دوران کرناٹک حکومت نے ہائی کورٹ کو مطلع کیا کہ کیمپس فرنٹ آف انڈیا کے اراکین کے خلاف فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (FIR) درج کی گئی ہے، جنہوں نے اڈپی کے گورنمنٹ پری یونیورسٹی گرلز کالج میں مبینہ طور پر کچھ اساتذہ کو دھمکی دی تھی۔
آج جیسے ہی کارروائی شروع ہوئی ریاست کے ایڈوکیٹ جنرل پربھولنگ نوادگی نے ہائی کورٹ کی فل بنچ کو بتایا کہ اس تعلق سے ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے بینچ کو سیل بند لفافے میں CFI سے متعلق تفصیلات فراہم کی ہیں۔
چیف جسٹس ریتو راج اوستھی، جسٹس ممتاز قاضی اور جسٹس کرشنا ایس ڈکشت پر مشتمل فل بنچ کو نوادگی نے بتایا کہ ’’سینئر ایڈوکیٹ ایس ایس ناگنند کی طرف سے ایک تنظیم کے خلاف جمع کرائی گئی درخواست کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے‘‘۔
کرناٹک ہائی کورٹ نے حجاب معاملہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ہفتہ تک اس معاملہ کو نمٹانا چاہتا ہے اور اس کیلئے عدالت نے سبھی فریقوں کا تعاون مانگا ہے۔