سعودی عرب میں دردناک سڑ ک حادثہ: عمرہ کرنے گئے رائچور کے مقیم ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق

04:23PM Wed 22 Feb, 2023

رائچور : 22 فروری،2023 (ایجنسی) سعودی عرب میں عمرہ کے سفر کے دوران سڑک حادثہ پیش آنے کی وجہ سے رائچور شہرکے ایک ہی خاندان کے چار لوگوں کی موت واقع ہوگئی ہے۔ مرنے والوں میں رائچور شہر کے آشاپور روڈ کے دوارکا نگر کے رہنے والے 53 سالہ شفیع سولد ، بیوی سراج بیگم، 20 سالہ دختر شفاء اور شفیع سولد کی والدہ 64 سالہ بی بی جان شامل ہیں۔ جبکہ شفیع سولد کے فرزند سمیر حادثہ میں بری طرح زخمی ہوگئے ہیں۔ جن کا اسپتال علاج چل رہا ہے۔ واضح رہےکہ شفیع سولد اور ان کے افراد خاندان 14 فروری کو عمرہ کے لئے روانہ ہوئے تھے۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ حادثہ کل رات دس اور 11 بجے کے درمیان پیش آیا۔ سعودی حکام نے رائچور ویسٹ پولیس اسٹیشن کو حادثہ کی جانکاری دی۔ بتایا جارہا ہے کہ شفیع سولد رائچور زرعی یونیورسٹی میں برسر خدمت تھے۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں پیش آئے اس حادثہ میں جملہ آٹھ افراد کی موت واقع ہوئی ہے ، جن میں گلبرگہ اور یادگیر ضلع کے ایک ایک زائر شامل ہیں۔ اس واقعہ کی اطلاع کے بعد رائچور شہر میں غم کا ماحول دیکھا جارہا ہے۔ مقامی لوگ سوشل میڈیا پر عمرہ کے سفر کے دوران رائچور کے شہریوں کی حادثاتی موت پر افسوس کا اظہار کررہے ہیں ۔ بتایا جارہا ہے کہ یہ حادثہ مکہ مکرمہ سے 120 کلو میٹر کے فاصلہ پر پیش آیا۔ عمرہ کے سفر کے دوران ایک ہی خاندان کے افراد کی موت پر مقامی سطح پر مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈروں اور سماجی تنظیموں کے کارکنوں نے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ شفیع سولد کے افراد خاندان مکہ مکرمہ کی زیارت کے بعد مدینہ منورہ جارہے تھے۔ راستے میں بس ڈرائیور نے ٹھہرے ہوئے کنٹینر کو پیچھے سے ٹکر دے دی، جس کے نتیجہ میں آٹھ لوگوں کی جائے واقعہ پر ہی موت واقع ہوگئی، جن میں ڈرائیور اور ایک لڑکا بھی شامل ہے۔