اتر کینرا  ڈی سی کی بھٹکل آمد: مختلف امور اور مسائل پر کیا غور و خوض۔ موگیر سماج کے افراد سے بھی کی ملاقات۔ قومی شاہراہ کا لیا جائزہ

05:06PM Wed 13 Apr, 2022

بھٹکل : 13 اپریل، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اتر کینرا کے ڈپٹی کمشنر مسٹر مولئی مہیلن  اتر کینرا کی ایس پی سومن پینیکر کے ساتھ کل بھٹکل آئے ہوئے تھے۔ اس دوران انہوں نے  گذشتہ تین ہفتوں سے  موگیر طبقہ کے لئے درج فہرست ذات سرٹیفکیٹ  کا مطالبہ کرتے ہوئے   دھرنے پر بیٹھے افراد سے ملاقات کی اور ضلع انتظامیہ کی طرف سے رپورٹ کو اعلی افسران تک پہنچانے کا یقین دلایا ۔ انہوں نے کہا کہ اس میں ضلع انتظامیہ کا کوئی عمل دخل نہیں ہوتا ہے بلکہ حکومت ہی اس مسئلہ کو حل کرسکتی ہے۔ اس کے علاوہ اس موقع پر نیشنل ہائی وے ہوراٹا سمیتی کے ذمہ داران نے بھی ڈی سی سے ملاقات کی اور ان کو شاہراہ کا معائنہ کراتے ہوئے یہاں ریامپ کی تعمیر سے ہونے والی دشواریوں کو تفصیل سے بیان کیا ۔اس موقع پر سمیتی کے کنوینر راجیش نائک نے ہائی وے کے نقشے کو سامنے رکھتے ہوئے ڈی سی کو سمجھانے کی کوشش کی کہ ریامپ کی تعمیر کس قدر یہاں کے عوام پر اثر انداز ہوسکتی ہے اور اس سے کیا کچھ مشکلات پیش آسکتی ہیں۔ اس موقع پر ضلع ایس پی سومن ڈی پنّیکر، ساجد احمد ملا ، نیشنل ہائی وے انجینئر نوین کمار، آئی آر بی کے سالکر، شرینواس ، تحصیلدار سمنت ، ڈی وائی ایس پی بیلی اپّا، پولیس انسکپٹر دیواکر وغیرہ موجود تھے ۔ جبکہ ہوراٹا سمیتی کے اراکین میں سے عنایت اللہ شاہ بندری، جیلانی شاہ بندری ، ایم آر نائک ، عبدالرقیب ایم جے ، جیلانی محتشم ، محی الدین رکن الدین وغیرہ  بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر  اُترکنڑا ڈپٹی کمشنر ملئے مہیلن کی بھٹکل آمد  کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے رحمت آباد فرینڈس فورم کے  جنرل سکریٹری   جریر حسن شوپا نے  اپنے علاقہ کے نوجوانوں کے  ایک وفد کو لے کر   ڈپٹی کمشنر ملئے مہیلن  سے ملاقات کی اور میمورنڈم پیش کرتے ہوئے انہیں اپنے علاقے میں جمع ہونے والے کچروں کی جانکاری دی اور کہا کہ بار بار کی شکایتوں کے باوجود پنچایت اس کا حل نہیں نکال رہی ہے جس کی وجہ  سے پورا علاقہ کچروں کا ڈھیر بنتا جارہا ہے اور بیماریاں بھی علاقے میں پھیل رہی ہیں۔ اس موقع پر موجود اے سی نے  اگلے دس پندرہ دنوں میں اس معاملہ کے حل ہوجانے کی یقین دہانی کی۔