ایشورپا نے عہدے سے مستعفی ہونے کا کیا اعلان: کانگریس نے گرفتاری کا کیا مطالبہ

04:22PM Thu 14 Apr, 2022

بنگلورو:۔ 14 اپریل 22 (ذرائع) سینئربی جے پی لیڈر اور ریاستی وزیر کے ایس ایشورپانے آج اپنے عہدے سے استعفیٰ  دینے کا اعلان  کر دیاہے۔  دو روز قبل کنٹراکٹر سنتوش پاٹل نے  ایشورپا پر ٹھیکوں کے بدلے 40 فیصد کمیشن وصولنے اور ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے خودکشی کی تھی  جس کے بعد اس سلسلے میں ایشورپاکے خلاف معاملہ بھی درج کیاگیا تھا۔ پورے معاملے کے دوران ریاست بھر میں اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے  ایشورپاکے استعفے کامطالبہ ہوتارہا،پہلے تو ایشورپانے  اپنی کرسی نہ چھوڑنے  کی بات کہی تھی لیکن اپوزیشن جماعتوں اور عوام کی جانب سے بڑھتے دباؤ کو دیکھتے ہوئے بی جے پی ہائی کمان اور وزیر اعلیٰ بسوراج بومائی نے انہیں استعفیٰ دینے کی ہدایت دی۔ اسی کے چلتے ایشورپا نے آج شام بی جے پی دفترمیں پریس کانفرنس کے دوران اپنے استعفے کا اعلان کیاہے۔ تاہم استعفی کے بعد کانگریس نے کہا ہے کہ صرف استعفی اس مسئلہ کا حل نہیں ہے بلکہ انہیں کنٹراکٹر کی خود کشی کے معاملے میں گرفتار بھی کیا جانا چاہئے ۔