بھٹکل میں بھی آج سے نہیں رہے گا لاک ڈاؤن: اسسٹنٹ کمشنر نے کیا خلاصہ
07:16AM Wed 22 Jul, 2020
بھٹکل: 22 جولائی 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) وزیر اعلیٰ کرناٹک مسٹر یڈی یورپا کی جانب سے کل ایک ویڈیو کانفرنس میں کہا گیا تھا کہ لاک ڈاؤن کورونا کا حل نہیں ہے اس لیے ریاست میں بدھ سے کہیں بھی لاک ڈاؤن نہیں رہے گا۔
اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر نے آج صبح اخباری نمائندوں کو اطلاع دی ہے کہ ڈپٹی کمشنر کے حکم پر یہاں کچھ روز قبل میونسپال حدود، جالی پنچایت اور ہیبلے پنچایت حدود میں دوپہر سے صبح تک لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا لیکن اے سی نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کے فیصلے کے بعد بھٹکل میں اس لاک ڈاؤن کو منسوخ کیا گیا ہے اور یہاں آج سے لاک ڈاؤن نہیں رہے گا۔
واضح رہے کہ لاک ڈاؤن نہ ہونے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ لوگ جیسے چاہیں گھومیں بلکہ انہیں حکومت کی جانب سے تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے۔
عوام کو خیال رکھنا چاہئے کہ کورونا کی ابھی تک کوئی ویکسین دریافت نہیں ہوئی ہے اس کا علاج لوگوں سے علاحدہ رہنا اور تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے۔ اگر عوام ان چیزوں پر عمل کرتے ہوئے زندگی گزارتے ہیں تو ہمارے اس ملک سے جلد ہی کورونا کے خاتمہ کا امکان ہے، یاد رہے کہ اس سلسلے میں تھوڑی سی غفلت اپنے ساتھ اہل خانہ اور آس پاس کے لوگوں کو بھی مصیبت میں ڈال سکتی ہے۔