بھٹکل میں دو الگ الگ مقامات پر آوارہ کتوں کا حملہ: دیڑھ سالہ بچےسمیت تین افراد زخمی۔  عوام بچوں کے تئیں ہوئے فکر مند

04:25PM Sun 3 Jul, 2022

بھٹکل: 3 جولائ 22 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  بھٹکل میں آج ایک دیڑھ سالہ بچے سمیت تین افراد پر آوارہ کتوں کے حملہ کرنے کی خبر سامنے آئی ہے جس میں تین افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں سرکاری اسپتال میں طبی امداد   پہنچائی گئی اور بچے کی ناک میں زخم ہونے کی وجہ سے اسے اڈپی اسپتال لے جایا گیا ہے۔ اطلاع کے مطابق بھٹکل میونسپال حدود میں آنے والے علاقے ڈونگر پلی میں آج صبح گھر کے صحن میں کھیل رہے ایک دیڑھ سالہ بچے پر کتوں نے حملہ کرکے اسے زخمی کردیا  تاہم فوری طور پر گھر والوں نے کتوں کو مار بھگاتے ہوئے بچے کو بچالیا لیکن کتے کے حملے سے بچے کے چہرے پر شدید چوٹ آئی ۔بچے کی  شناخت اسماعیل تیمور ابن ذاکر سدی باپا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ دوسری واردت بھٹکل ٹی ایم سی حدود میں آنے والے تکیہ اسٹریٹ سے سامنے آئی ہے جہاں عمران نامی شخص اپنے اہل خانہ کے ساتھ  شادی  میں شرکت کرکے رات آٹھ بجے رکشہ سے اتر رہا تھا کہ ایک کتے نے اس کے بیٹے پر حملہ کرکے اسے زخمی کردیا ۔اس دوران عاصم نامی نوجوان نے بچے کو کتے کے چنگل سے بچانے کی کوشش کی تو کتے نے اسے بھی شکار بناتے ہوئے زخمی کردیا ۔ ا ن دونوں کو بھٹکل سرکاری اسپتال لے جایا گیا ہے اور ضروری انجکشن دیے گئے ہیں۔ آج  کے ان دو واقعات کے بعد بھٹکل کے عوام سہم سے گئے ہیں  اور اپنے بچوں کو لے کر کافی فکر مند نظر آرہے ہیں ۔ عوام نے سوشیل میڈیا پر ان حادثات کے تناظر میں میونسپال  کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ ان آوارہ کتوں پر نظر رکھیں اور عوام کو ان کے نقصان سے بچانے کے لیے جلد از جلد کارروائی کریں۔