پنجاب سرکار نے مرکزی وزارت داخلہ کو بھیجی امرتپال سنگھ کی رپورٹ، فارن فنڈنگ اور آئی ایس آئی کنیکشن کا دعوی
03:19PM Tue 25 Apr, 2023
چنڈی گڑھ : آپریشن امرتپال کو لے کر پنجاب سرکار نے مرکزی وزارت داخلہ کو اپنی رپورٹ سونپ دی ہے ۔ مرکزی وزارت داخلہ نے پنجاب سرکار سے اتوار کو ہوئی گرفتاری کے بعد امرتپال سنگھ سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی ۔ این آئی اے نے بھی امرتپال کو لے کر اپنی شروعاتی جانچ رپورٹ مرکزی وزارت داخلہ کو سونپ دی ہے ۔ سامنے آیا ہے کہ فروری کے دوران وہ غیر ملکی نمبر استعمال کررہا تھا ۔ وہاٹس ایپ کالنگ کے ذریعہ وہ اپنے ساتھیوں کے ساتھ لگاتار رابطے میں تھا ۔ رپورٹ میں غیر ملکی فنڈنگ اور آئی ایس آئی کنیکشن کا بھی ذکر کیا گیا ہے ۔
معلومات کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے اتوار کو خالصتان حامی امرپتال سنگھ سے وابستہ سبھی معلومات کی رپورٹ پنجاب سرکار سے طلب کی تھی ۔ پنجاب سرکار کو امرتپال سنگھ کے فرار ہونے سے لے کر گرفتاری تک اور پنجاب پولیس کو لائن آف ایکشن سے متعلق رپورٹ بھیجنے کیلئے کہا تھا ۔
اس رپورٹ میں مرکزی وزارت داخلہ نے امرتپال سنگھ کے فرار ہونے کے دوران اس کو پناہ دینے والوں کی بھی پوری تفصیل طلب کی تھی ۔ امرتپال سنگھ کی لوکیشن موومنٹ کی رپورٹ بھی مرکزی وزارت داخلہ نے دینے کیلئے کہا تھا، جس کے بعد منگل کو پنجاب سرکار نے پورا ریکارڈ مرکزی وزارت داخلہ کو سونپ دیا ہے ۔
اس معاملہ کی این آئی اے نے بھی جانچ کی ہے اور اس نے اپنی شروعاتی رپورٹ بھی مرکزی وزارت داخلہ کو دیدی ہے ۔ گرفتاری کے بعد بھی امرتپال سنگھ کو لے کر تفصیل سے جانچ کی جارہی ہے ۔ تاکہ اس کے پورے نیٹ ورک کا پتہ لگایا جاسکے ۔
جانچ میں سامنے آیا ہے کہ امرتپال سنگھ فرار ہونے کے دوران غیر ملکی نمبر کا استعمال کررہا تھا ۔ ابتدائی جانچ رپورٹ میں امرتپال سنگھ کو غیر ملکی فنڈنگ اور اس کے آئی ایس آئی سے رابطے کا ذکر کیا گیا ہے ۔