بھٹکل میں عید قرباں کا ہوا آغاز:جمعہ مساجد میں دوگانہ کے بعد اللہ کے حضور پیش کی گئی قربانی
02:46PM Wed 21 Jul, 2021

بھٹکل: 21 جولائی 21 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل و اطراف میں عید الاضحی کا پہلا دن مکمل ہوچکا ہے اورریاست بھر میں مسلمان پر امن طور پر عید قرباں منا رہے ہیں۔
بھٹکل میں اعلان کے مطابق آج تمام جمعہ و جامع مساجد میں عید کی دوگانہ ادا کی گئی جس کے بعد ائمہ کرام نے قربانی کا اصل پیغام یاد دلاتے ہوئے اس کی روح کو سمجھنے کی ترغیب دی۔
نماز عید کے بعد مسلمانوں نے اللہ کے حضور جانوروں کی قربانی پیش کی۔ واضح رہے کہ حکومت کرناٹک کی طرف سے پابندی کی وجہ سے امسال بھٹکل میں کثرت سے بکروں کی قربانی کی جارہی ہے۔
اس دوران پولس افسران بھی محلہ وار چکر لگا کر حالات پر نگاہ رکھے ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ اس سال عید قرباں پورے ملک میں ایک ساتھ منائی جارہی ہے۔
ادارہ بھٹکلیس امت مسلمہ کی خدمت میں عید کی پر خلوص مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے تمام اعمال کو قبول فرمائے اس عید کو ہماری مغفرت و نجات کا ذریعہ بنائے اور اس عید کے نتیجے میں امت مسلمہ کی پریشانیوں کو دور فرمائے۔ آمین


