ٹاؤن میونسپال پر نصب اردو نام کو ہٹانے کے خلاف آج بھٹکل میں عوام کا احتجاج: انتظامیہ نے مانگا تین دنوں کا وقت

02:15PM Tue 28 Jun, 2022

بھٹکل : 28 جون 22 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل میونسپالٹی عمارت  کی تزئین کاری کے بعد پیر کو ٹاؤن  میونسپال کانام  اردو  میں  دیکھ کر کنڑا نواز تنظیموں نے احتجاج  درج کیا تھا جس کے ساتھ سنگھ پریوار کے  ممبران ،بی جے پی اور  ہندو جاگرن ویدیکے کے کئی   کارکنان بھی شامل ہوگئے تھے اور انہوں نے  چیف افسر کو میمورنڈم سونپ کر نام ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔ یہ خبر سوشیل میڈیا کے ذریعے وائرل ہونے کے ساتھ ہی کل اردو کی حمایت میں لوگ جمع ہوگئے تھے اور نام کو ہٹانے کی سخت مخالفت کی گئی تھی ۔جس کے بعد بھی کل اس نام کو ہٹانے کی کوشش کی گئی تھی ۔ اسی کے چلتے آج صبح کے وقت مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد میونسپال عمارت کے باہر جمع ہوئی اور  اردو بورڈ لگے رہنے کی حمایت میں نعرے بازی کی ۔ اس موقع پر  بھٹکل کے عوام کی طرف سے چیف افسر کو میمورنڈم بھی دیا گیا   جس میں کہا  گیا کہ بھٹکل میں 90  فیصد سے زیاد ہ لوگ اردو سمجھنے والے ہیں جن کی وجہ سے یہاں اردو میں بورڈ نصب کیا جانا بہت ہی ضروری ہے ۔ احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ انتظامیہ چند لوگوں کے رد عمل کو دیکھ کر بورڈ اتارنے کی کوشش کر رہی ہے حلانکہ یہاں اکثریت اردو سمجھنے والوں کی ہے ۔  اردو کے حامی افراد کا  کہنا تھا کہ بھٹکل میں واقع پرانی میونسپال عمارت میں   بھی اردو تحریر موجود ہے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے  اور قانون بھی اس کی اجازت دیتا ہے۔ اس موقع پر عوام نے شرپسندوں کی طرف سے دانستہ طور پر اسے امن میں خلل ڈالنے کی سازش قرار دی اور انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ امن برقرار رکھنے کے لیے ایسی کارروائیوں پر قت سے پہلے بند لگائے۔ صبح میمورنڈم دینے کے بعد ہی دوپہر کے وقت میں پھر ایک بار انتظامیہ کی طرف سے بورڈ اتارنے کی کوشش کی گئی تھی جس کے خلاف پھر ایک بار مسلمان بڑی تعداد میں جمع ہوئے اور بورڈ کو ہاتھ لگانے سے روک دیا ۔ بہر حال عوام کے دباؤ کو دیکھتے ہوئے  آج انتظامیہ نے تین دنوں کا وقت مانگا ہے اور اس دوران میٹنگ منعقد کرکے اس معاملے کو سلجھانے کی یقین دہانی کی ہے۔