اُڈپی حجاب معاملہ: رکن اسمبلی نے حجاب کے ساتھ کلاس میں داخلہ کو قرار دیا ممنوع۔ میڈیا کو بھی  کیمپس میں داخلہ نہیں دینے کی کہی بات

11:43AM Mon 31 Jan, 2022

اڈپی : 31 جنوری 22 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اڈپی کے رکن اسمبلی اور کالج ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے صدر رگھوپتی بھٹ نے یہاں کے سرکاری ویمن پی یو کالج میں حجاب کے لیے احتجاج کرنے والی لڑکیوں کو حجاب کے ساتھ کلاس  میں داخلہ  دینے  سے صاف انکار کر دیا ہے۔ انہوں نے  آج پیر 31 جنوری کو کالج میں ایک میٹنگ کی صدارت کرنے کے بعد اس کا اعلان کیا جس میں حجاب  کا مطالبہ کرنے والی پانچ طالبات  سمیت ان کے سرپرستوں نے شرکت کی تھی ۔  ایم ایل اے بھٹ نے کہا کہ  ''کالج میں حجاب پہن کر کلاس میں جانے کی اجازت دینا ممکن نہیں ہے اس لیے کہ  حکومت اور کالج کمیٹی کے فیصلے کے مطابق  حجاب یونیفارم کا حصہ نہیں ہے اور کالج میں طلبہ کو صرف یونیفارم  پہننے کی اجازت ہے"۔ انہوں نے طالبات اور سرپرستوں کو کہا کہ اگر ان کو کلاس میں بیٹھنا ہے تو حجاب کے بغیر ہی بیٹھنا پڑے گا ورنہ انہیں کلاس میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تاہم اس نشست میں سرپرستوں نے رائے مشوروں کے بعد اپنا فیصلہ سنانے کی بات کہی۔ ایم ایل نے اس موقع پر پر زور طریقے پر حجا ب کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ منگل، یکم فروری سے حجاب کی مانگ کو لے کرکالج کیمپس میں کسی قسم کی افراتفری یا انتشار پیدا کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی کسی بھی  میڈیا یا کسی تنظیم کے اراکین  کو بھی  داخلہ نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے کہااگلے دو ماہ میں طلبہ کے امتحانات شروع ہورہے ہیں اور  ہمیں اس معاملے میں دیگر طلباء کے والدین کی طرف سے شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ ایم ایل اے نے کہا کہ  اگر آپ مزید اپیل کرنا چاہتے ہیں تو ڈی سی  کے ساتھ بات کر سکتے ہیں اور صرف وہی لوگ جو نظم و ضبط کی پابندی کریں گے انہیں ہی کالج کے کیمپس میں داخل ہو نے کی اجازت ملے گی۔   (ڈائجی ورلڈ کے ان پٹ کے ساتھ)