کانگریس کے سینئر قائد سی ایم ابراہیم نے کانگریس پارٹی سے دیا استعفی: جنتادل میں شامل ہونے کیے دیے اشارے

03:47PM Sun 13 Mar, 2022

بینگلورو: 13 مارچ، 2022 (ذرائع) کرناٹک سے تعلق رکھنے والے کانگریس پارٹی کے سینئرقائد سی ایم ابراہیم نے کانگریس ورکنگ کمیٹی کے اجلاس سے ایک دن قبل پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ عبوری صدر کانگریس سونیا گاندھی کوروانہ کرتے ہوئے اپنے استعفیٰ میں لکھا ہے کہ ان کی باتوں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔سی ایم ابراہیم نے لکھا ہے کہ ‘میں پارٹی کی بنیادی رکنیت سے فوری طور پر استعفیٰ دے رہا ہوں۔ میں نے اپنی بہت سی شکایات آپ کے سامنے رکھی تھیں اور ہمیشہ مجھے یقین دلایا گیا تھا کہ میرے خدشات پرغور کرتے ہوئے انہیں حل کیا جائے گا۔لیکن آج تک کوئی اقدام نہیں کیا گیا۔ اور یہی وجہ ہے کہ میں کانگریسی پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے مستعفی ہورہا ہوں۔ ذرائع سے موصول ہوئی اطلاع کے مطابق رکن قانون ساز کونسل کرناٹک و سینئر کانگریسی قائد سی ایم ابراہیم نے پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ کا مکتوب عبوری صدر کانگریس سونیا گاندھی سمیت کانگریس لجس لیچر پارٹی کے رہنما سدارامیا کو بھی منظوری کے لیے روانہ کیا ہے۔ سی ایم ابراہیم نے اپنی رہائش گاہ پر ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے روانہ کئے گئے اپنے استعفی کی نقل میڈیا کو جاری کی اور کہا کہ اب وہ ایک آزاد فرد ہیں اور آنے والے دنوں میں کھلے ذہن کے ساتھ وہ جنتا دل(ایس) میں شامل ہو نے جا رہے ہیں۔  انہوں نے اس موقع پر کانگریس کو ڈوبتی ہوئی کشتی قرار دیتے ہوئے جنتا دل (ایس) میں اپنی شمولیت کے واضح اشارے دیے اور کہا  کہ قومی رہنما دیوے گوڈا، ایچ ڈی کمارسوامی اور ایچ ڈی ریونا سے وہ بات چیت کریں گے۔ جے ڈی ایس میں شامل ہو کر ہی وہ ریاست بھر میں اپنی تحریک کی شروعات کریں گے۔