بنگلورو: وزیر اعلی نے لاک ڈاؤن یا نائٹ کرفیو کے نفاذ کی خبروں کو کیا مسترد : کہا عوام اگر لاک ڈاؤن نہیں چاہتے تو پھر احتیاطی تدابیر پر کریں مکمل عمل
12:58PM Wed 17 Mar, 2021
ینگلورو: 17 مارچ، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست کی دارالحکومت بنگلورو سمیت کرناٹک کے کچھ مقامات میں گذشتہ پندرہ دنوں میں کویڈ 19 کے معاملات میں اچانک اضافے سے پریشان وزیر اعلی بی ایس یدیورپا نے لاک ڈاؤن نافذ کرنے یا نائٹ کرفیو ڈالنے کی خبروں کو یکسر مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ صورتحال عوام کے ہاتھ میں ہے، اگر وہ چاہتے ہیں کہ لاک ڈاؤن یا رات کا کرفیونہ پڑے تو پھر حکومت کی طرف سے کورونا سے بچنے کے لیے دی گئی تمام ہدایات پر مکمل پر عمل کریں۔
وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم مودی سے ویڈیو کانفرنس کے اختتام پر اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اس کی جانکاری دی اور کہا کہ اگر عوام ماسک پہننے اور سوشیل ڈسٹنسنگ کو برقرار رکھنے کے لئے مکمل تعاون کرتے ہیں تو پھر اس بیماری کو قابو میں کیا جاسکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ یڈیورپا نے واضح کیا کہ انہوں نے اس سلسلے میں ریاستی حکام اور محکمہ داخلہ کو سختی سے قوانین نافذ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے کہا ، "اب صورتحال پر قابو پانا لوگوں کے ہاتھ میں ہے۔ اگر لوگ تعاون نہیں کرتے اور اصولوں کی پاسداری نہیں کرتے ہیں تو ریاستی حکومت سخت اقدامات کرنے پر مجبور ہوگی۔"
واضح رہے کہ آج سوشیل میڈیا پر وزیر اعلیٰ کی ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں وہ ایک ہفتے کے لیےسنیما تھیٹر، اسپورٹس کی سرگرمیوں و غیرہ کو بند کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ یہ ویڈیو گذشتہ سال کی ہے ۔