ٹیم انڈیا نے چند گھنٹوں میں گنوایا نمبر ون کا تاج، آئی سی سی کی چوک، آسٹریلیا خوش

04:03PM Wed 15 Feb, 2023

نئی دہلی : ٹیم انڈیا بدھ کی دوپہر ٹیسٹ کی نمبر 1 ٹیم بن گئی تھی۔ اس کے 115 ریٹنگ پوائنٹس ہوگئے تھے۔ روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستان نے ناگپور میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو اننگز سے شکست دی۔ اس طرح سے ہندوستانی ٹیم نے تینوں فارمیٹس میں نمبر 1 کی پوزیشن حاصل کرلی تھی۔ لیکن چند گھنٹوں کے بعد ہی ٹیم پھر دوسرے نمبر پر آگئی۔ یہ آئی سی سی کی کوتاہی کی وجہ سے ہوا۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 17 فروری سے دہلی میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم ون ڈے اور ٹی ٹوینٹی رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر قابض ہے۔ ٹیم انڈیا کی بات کریں تو اب ٹی 20 ٹیم کی کپتانی ہاردک پانڈیا کے پاس ہے جبکہ ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کی کمان روہت شرما کے پاس ہے۔ آئی سی سی نے بدھ کو رینکنگ جاری کی۔ آسٹریلیا کی ٹیم 111 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلے سے دوسرے نمبر پر آگئی تھی۔ لیکن آئی سی سی نے دیر شام کو پھر اس کو تبدیل کر دیا۔ اس کے مطابق آسٹریلیا کی ٹیم 126 پوائنٹس کے ساتھ پہلے جبکہ ٹیم انڈیا 115 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ ماضی میں بھی آئی سی سی نے ایسی ہی غلطی کی تھی۔ انگلینڈ 107 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، جنوبی افریقہ 102 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ نیوزی لینڈ 99 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔
آئی سی سی رینکنگ میں دیگر ٹیموں کی بات کریں تو پاکستان 88 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے، سری لنکا 88 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں، ویسٹ انڈیز 78 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، بنگلہ دیش 46 پوائنٹس کے ساتھ نویں اور زمبابوے 27 پوائنٹس کے ساتھ 10 ویں نمبر پر ہے۔