سوئیڈن میں قرآن شریف کی بے ادبی، ناراض سعودی عرب نے کہی یہ بڑی بات

04:06PM Mon 18 Apr, 2022

ابوظہبی: سوئیڈن میں جان بوجھ کر قرآن شریف نذر آتش کئے جانے کے حادثہ پر سعودی عرب نے زبردست ناراضگی ظاہر کی ہے۔ پیر کی صبح سعودی عرب کے وزارت خارجہ نے اس پر بیان جاری کیا ہے۔ سعودی عرب کے وزارت خارجہ نے بیان میں کہا ہے، ’وزارت خارجہ مقدس قرآن شریف اور مسلمانوں کے ساتھ جان بوجھ کر کی گئی بے ادبی اور اس کے اکساوے کے لئے سعودی عرب مذمت درج کرا رہا ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’سعودی عرب بات چیت، رواداری، باہمی اور رواداری کو فروغ دینے کے لئے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔ ساتھ ہی نفرت، انتہا پسندی اور تمام مذاہب اور مقدس مقامات کے ساتھ بدسلوکی کو ترک کرنے کی بھی حمایت کرتا ہے۔ سوئیڈن میں  دائیں بازو اور مہاجرین مخالف گروہوں کے ذریعہ مسلمانوں کے مقدس مذہبی صحیفہ قرآن شریف کو نذر آتش کئے جانے کے بعد کئی شہروں میں چوتھے روز بھی جھڑپیں جاری ہیں۔
مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ مشرقی شہر نوریشیپنگ میں اتوار کو بھی مسلسل فسادات ہوئے، جن میں پولیس نے فسادیوں کو وارننگ دیتے ہوئے ان پر گولیاں چلائی تھیں، جس میں تین لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ کئی گاڑیوں میں آگ لگا دی گئی جبکہ کم از کم 17 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اس سے قبل ایران اور عراق حکومت نے اپنے یہاں موجود سفارت کاروں کو قرآن شریف نذرآتش کئے جانے کے بعد ہوئے احتجاج کو لے کر طلب کیا تھا۔