ضمانت ملنے کے بعد دوسرے کیس میں پھر گرفتار ہوئے جگنیش میوانی، جانئے کیا ہے معاملہ

04:45PM Mon 25 Apr, 2022

کوکراجھار: آسام میں کوکرا جھار کی ایک عدالت نے گجرات کے آزاد رکن اسمبلی جگنیش میوانی کو وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف کئے گئے ٹوئٹ سے جڑے معاملے میں پیر کے روز ضمانت دے دی۔ حالانکہ اس معاملے میں ضمانت ملنے کے بعد آسام پولیس نے انہیں دوبارہ گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس نے ان پر پولیس کے اوپر حملہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔ کوکرا جھارفرسٹ کلاس جوڈیشل مجسٹریٹ بھاونا کاکوٹی نے انہیں کئی شرائط کے ساتھ ضمانت دی ہے، جس کی تفصیلات کا انتظار ہے۔ سماعت کے بعد جگنیش میوانی کو واپس کوکرا جھار جیل لے جایا گیا ہے اور ان کے وکیلوں نے کہا کہ ضمانت بانڈ سے متعلق رسم پوری کی جارہی ہے۔ میوانی کو 19 اپریل کو گجرات کے پالن پور شہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان کے ایک ٹوئٹ کو لے کر کوکرا جھار تھانے میں ایک ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ‘گوڈسے کو خدا مانتے ہیں‘۔
دوبارہ بارپیٹا جیل گئے رکن اسمبلی کو ٹرانزٹ ریمانڈ پر کوکرا جھار لایا گیا تھا اور کوکرا جھار کے چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نے 21 اپریل کو انہیں تین دن کی پولیس حراست میں بھیج دیا تھا۔ حالانکہ این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق، جگنیش میوانی کو ایک دیگر معاملے میں دوبارہ سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ انہیں دوبارہ کوکرا جھار ضلع کے بارپیٹا لے جایا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق، جگنیش میوانی نے پولیس پر حملہ کیا ہے، جس معاملے میں انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ جگنیش میوانی کو کوکرا جھار کی ایک عدالت نے ایک دن کے لئے عدالتی حراست میں بھیجا تھا۔ انہیں بدھ کو گرفتار کیا گیا تھا۔