پیٹرول، ڈیزل اور گیس کی بڑھتی قیمتوں کے خلاف کانگریس پارٹی کا ریاست گیر احتجاج: بھٹکل میں سابق ارکان اسمبلی جے ڈی نائک اور منکال ویدیا نے کی حکومت پر سخت تنقید

01:10PM Sat 12 Jun, 2021

بھٹکل: 12 جون، 2021  (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں پیٹرول، ڈیزل اور رسوئی گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف کانگریس پارٹی نے ریاست گیر مہم  کا انعقاد کیا ہے۔ اسی کے نتیجے میں آج مینگلور، اڈپی، سرسی اور بھٹکل میں کانگریسی کارکنان نے  اس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے حکومت کی پالیسیوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ بھٹکل میں آج صبح قریب  10:00 بجے کانگریسی  کارکنان شمس الدین سرکل کے قریب واقع پیٹرول بنک میں جمع ہوئے اور حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر بھٹکل کے سابق ارکان اسمبلی جے ڈی نائک اور منکال ویدیا نے بھی احتجاج میں شرکت کرتے ہوئے حکومت کی ان پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کی اور  اس مہنگائی کوکورونا لاک ڈاؤن کی اس مہاماری کے دوران عام آدمی کی جیب پر اضافی بوجھ قرار دیا۔ اس موقع پر بھٹکل میں بھٹکل بلاک کانگریس کے صدر ایڈوکیٹ سنتوش نائک،  مائناریٹی شعبہ کے ضلعی صدر عبدالمجید سمیت  دیگر  کارکنان بھی موجود تھے۔