گوا: باغی اراکین اسمبلی کی مشکلات میں ہو سکتا ہے اضافہ، ریاستی کانگریس اٹھانے والی ہے سخت قدم
04:31PM Mon 14 Nov, 2022
گوا کانگریس کے لیڈروں نے پیر کے روز دیے گئے بیان میں کہا ہے کہ بی جے پی میں شامل ہونے والے پارٹی کے آٹھ باغی لیڈران کے خلاف نااہلی کی عرضی تیار کی جا رہی ہے اور اسے اسی ہفتہ داخل کیا جائے گا۔ گوا ریاستی کانگریس کمیٹی کے سربراہ امت پاٹکر نے کہا کہ نااہلی کی عرضی تیار ہو رہی ہے۔ ہم اسے اسی ہفتہ داخل کریں گے۔
کانگریس رکن اسمبلی کارلوس فریرا نے کہا کہ ہم کچھ عناصر اور چیزوں کی تلاش کر رہے تھے، یہی وجہ ہے کہ عرضی داخل کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ فریرا نے کہا کہ کانگریس یہ یقینی کرنے کے لیے جدوجہد کرے گی کہ اس طرح کے بے اصول دل-بدل نہ ہوں۔
گوا ریاستی کانگریس کے سابق سربراہ گریش چوڈنکر کے قدم کے بارے میں بولتے ہوئے کارلوس فریرا نے کہا کہ دو الگ الگ کانگریس نہیں ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی شہری عرضی داخل کر سکتا ہے۔ لوگ پریشان ہیں، لوگ اپنی نااہلی کے مطالبہ کے لیے عرضی داخل کرنے کے لیے آگے آئیں گے۔
14 ستمبر کو بی جے پی میں شامل ہونے والے 8 اراکین اسمبلی کے خلاف دو نجی نااہلی عرضیاں 11 نومبر کو گوا اسمبلی اسپیکر رمیش تاوڈکر کے سامنے داخل کی گئی ہیں۔ تاوڈکر نے اتوار کو بتایا کہ اے آئی سی سی کے سابق سکریٹری گریش چوڈنکر اور ڈومنک نورونہا کے ذریعہ داخل عرضیاں ان کے دفتر کو حاصل ہوئی ہیں۔ انھوں نے نااہلی سے متعلق عرضیاں پیش کی ہیں۔