سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈی یورپا کے ساتھ دبئی میں کینرا مسلم خلیج  کونسل کے وفد نے کی ملاقات: ریاست کے حالات پر ظاہر کی گئی تشویش

02:36PM Wed 11 May, 2022

دبئی: 11 مئی،2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو)  سابق وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا اس وقت دبئی کے دورے پر ہیں۔ ان کی دبئی آمد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے دو روز قبل پیر کو  کینرا مسلم خلیج کونسل کے ایک وفد نے دبئی میں جناب محمد میراں صاحب مینگار کے گھر ان سے خیر سگالی ملاقات کی ۔ اس موقع پر  سکریٹری جنرل جناب ابومحمد مختصر نے کینرا کونسل کی طرف سے سابق وزیر اعلیٰ کا استقبا ل کیا اور ریاست کرناٹک  میں  حکومت کی طرف سے اقلیتوں پر کی جانے والی ایک طرفہ زیادتیوں،  غیر جمہوری کارروائیوں  اور موجودہ حالات پر قابو پانے کیلئے  سابق وزیر اعلیٰ کو اقدامات کرنے کی اپیل کی ۔ اس موقع پر  ایڈی یورپا نے وفد کی تمام باتوں کو سنجیدگی کے ساتھ سنا اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے اپنی طرف سے تعاون کی یقین دہانی کی اور کہا کہ  کینرا مسلم خلیج کونسل کا ایک  وفد بنگلور آکر ان سے ملاقات کرے ۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کونسل کی طرف سے کب وفد بینگلور روانہ ہوتا ہے اور سابق وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرتا ہے۔