راہل گاندھی نے میڈیا کے سامنے پڑھی ساورکر کی ’معافی‘ والی چٹھی، کہا ’انگریزوں کو مدد پہنچائی، گاندھی-نہرو-پٹیل کو دھوکہ دیا‘

02:22PM Thu 17 Nov, 2022

بھارت کو جوڑنے کے لیے طویل اور تاریخی یاترا پر نکلے راہل گاندھی یاترا کے دوران جگہ جگہ میڈیا سے بھی خطاب کر رہے ہیں۔ انھوں نے جمعرات کو بھی میڈیا اہلکاروں سے بات کی اور پریس کانفرنس کے دوران ساورکر کے ذریعہ انگریزوں کی لکھی ہوئی چٹھی پڑھ کر سنائی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ساورکر جی نے اس میں لکھا ہے– میں التجا کرتا ہوں، سر، میں ہمیشہ آپ کے حکم کی تعمیل کرنے والا خادم بنا رہوں گا...۔ جب انھوں نے اس خط پر دستخط کیے، تو کیا وجہ تھی؟ وہ خوف تھا... وہ انگریزوں سے ڈرتے تھے۔‘‘
کانگریس لیڈر نے کہا کہ ساورکر نے خوف کی وجہ سے انگریزوں سے معافی مانگی، لیکن گاندھی جی، نہرو اور پٹیل نے کبھی ایسا نہیں کیا۔ راہل گاندھی نے کہا کہ اگر مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس دیکھنا چاہتے ہیں تو وہ بھی دیکھ لیں۔ ساورکر نے انگریزوں کی مدد کی تھی۔ میں اس معاملے میں بہت واضح ہوں۔ اس دوران راہل گاندھی نے کہا کہ اگر حکومت کو لگ رہا ہے کہ اس یاترا سے ملک کو نقصان ہے، تو اسے یاترا روکنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
راہل گاندھی کا کہنا ہے کہ ملک میں فی الحال دو نظریات کی لڑائی ہے۔ ایک طرف وہ ہیں جو گاندھی کو مانتے ہیں، اور دوسری طرف ساورکر کی سوچ والے لوگ ہیں۔ راہل گاندھی مزید کہتے ہیں کہ ’’میری رائے ہے کہ ساورکر نے خوف کی وجہ سے خط پر دستخط کیا، لیکن نہرو-پٹیل-گاندھی سالوں جیل میں رہے اور معافی کے کسی خط پر دستخط نہیں کیا۔ ساورکر کا چٹھی پر دستخط کرنا ہندوستان کے سبھی لیڈروں کے ساتھ دھوکہ تھا۔‘‘