Youth Attacked with Cloth in Bhatkal Late at Night; Complaint Filed at Police Station

07:31PM Thu 29 Aug, 2024

بھٹکل : 29 اگست، 2024 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل   کے ہنومان نگر میں  منگل کو دیر رات  اسکوٹر پر جارہے نوجوان پر کپڑا ڈال کر اسے زخمی کرنے  کی واردات پیش آئی ہے  جس کی شناخت کارگیدے کے مقیم محمد قیس ملپا کی حیثیت سے کی گئی ہے۔

قیس کے مطابق منگل کی رات اسے ایک کار پر جانور چوری کرکے لے جانے کا شک ہوا تو اس نے اس کار کا پیچھا کیا اور شمس الدین سرکل پہنچ کر پولس سے اس بارے میں زبانی شکایت بھی کی جس پر پولس نے کارروائی کرنے کی بات کرتے ہوئے اسے گھر جانے کی ہدایت دی۔ قیس کا کہنا ہے کہ وہ گھر جانے کے بجائے اسی کار کا پیچھا کرتے ہوئے ہنومان نگر میں واقع  گنیش منٹپ تک پہنچا جہاں پہنچتے ہی  کچھ لوگوں نے اس پر کپڑا ڈال کر حملہ کردیا ۔ قیس  کے مطابق  پہلے اسے تھپڑ مارے گئے پھر اس کے بعد ہاتھ پیچھے باندھ کر دھاری دار چیز سے اسے زخمی کیا گیا،  تاہم اس کے چیخنے اور چلانے کے بعد وہ تین افراد وہاں سے بھاگ گئے ۔

قیس کے مطابق اس سے قبل بھی اس کو چاقو دکھا کر اس کے جانوروں کی چوری کی گئی ہے جس کے تعلق سے اس نے پولس سمیت مجلس اصلاح و تنظیم میں بھی شکایت درج کی ہے  لیکن اس کا اسے کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے مجلس اصلاح و تنظیم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے معاملات کو سنجیدگی سے لے اور اس کی روک تھام کے لیے کوئی ٹھوس اقدام کرے۔

بھٹکل ٹاون پولیس نے اس تعلق سے  کیف ملپا کی شکایت درج کی ہے اور معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے ۔