ریاستی گورنر نے انسدادگئو کشی آر ڈنینس کو دی منظوری
04:28PM Tue 5 Jan, 2021
بینگلورو: 5 جنوری، 2021 (ذرائع) ریاست کرناٹک میں اب ایک دو کو چھوڑ کر زیادہ تر مویشیوں کا ذبیحہ بند ہوجائے گا کیوں کہ ریاستی گورنر نے انسداد گئو کشی کے آرڈیننس پر دستخط کر دیے ہیں۔
واضح رہے کہ ریاست میں یڈی یورپا کی قیادت والی بی جے پی حکومت نے قانون ساز اسمبلی میں اس بل کو منظور کیا تھا لیکن حکومت قانون ساز کونسل میں اس کو منظور کرانے میں ناکام ہوئی تھی جس کے بعد حکومت نے آرڈیننس کا راستہ اختیار کیا تھا اور کابینہ نے آرڈیننس پاس کرتے ہوئے منظوری کے لیے گورنر کو بھیج دیا تھا جس پر گورنر واجو بھائی والا نے اپنے دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد اس آرڈیننس نے قانونی شکل اختیار کر لی ہے۔
اس نئے قانون کے مطابق، 13 سال کی عمر سے اوپر کے ہی بھینسوں کا ذبیحہ کیا جا سکے گا اس کے علاوہ گائے، بیل، گائے کے بچھڑے کو ذبح کرنے کی بالکل ممانعت رہے گی. اس کا مطلب یہ ہے کہ ریاست میں گائے کا گوشت دستیاب نہیں ہوگا صرف 13 سال سے زیادہ عمر کے بھینسوں کا گوشت ہی فروخت کیا جائے گا ۔
اس کی خلاف ورزی پر پچاس ہزار سے دس لاکھ تک کا جرمانہ اور تین سے سات سال کی جیل ہوگی۔