کرناٹک کے مڈکیرے میں سامنے آئے افریکن سوائن فلو کے معاملات تو کیرالہ میں بڑھا برڈ فلو کا خطرہ: مرکزی سرکار نے بھیجی ٹیم
03:19PM Thu 27 Oct, 2022
بینگلورو: 27 اکتوبر،2022 (ذرائع) کیرالہ میں ایوین انفلوئنزا کے بڑھتے معاملات کے درمیان مرکزی وزارت صحت نے احتیاط بڑھا دی ہے ۔ مرکزی وزارت کی طرف سے جمعرات کو ایوین فلو سے وابستہ معاملات کی جانچ کیلئے سات رکنی ایک ٹیم کو کیرالہ بھیجا گیا ہے ۔ یہ ٹیم جانچ کی اپنی رپورٹ مرکزی وزارت صحت کو سونپے گی اور ساتھ ہی اس کو روکنے کے طریقے کو بھی بتائے گی ۔ بتادیں کہ ایوین فلو برڈ فلو کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ۔ دنیا بھر میں جنگلی پرندوں میں اس کا اثر دیکھا گیا ہے ۔ وہیں پرندوں کے رابطے میں آنے والے انسانوں میں بھی اس انفیکشن کا خطرہ ہوتا ہے ۔
جبکہ ریاست کرناٹک کے مڈکیرے تعلقہ کے گالی بیڈو گاوں میں آفریکن سوائن فلو کے معاملے سامنے آنے کے بعد مقامی لوگوں میں تشویش پھیل گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق یہاں کے خنزیروں کے ایک فارم میں تیز بخار کے بعد 10 خنزیروں کی موت واقع ہوئی ہے ۔ جس کے بعد محکمہ مویشی پالن کے افسران نے مذکورہ فارم کے اطراف 1 کلو میٹر علاقے کو افریقی خنزیری بخار متاثرہ علاقہ قرار دیا ہے جبکہ یہاں سے 10 کلو میٹر تک کے اطراف لوگوں کو محتاط رہنے کا کم دیتے ہوئے اس علاقہ کو محتاط قرار دیا ہے اور یہاں کے خنزیروں کے فارم میں باہر سے نئے خنزیر لانے اور یہاں کام کرنے والوں کو دوسرے علاقے میں جانے پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے ۔
کیرالہ سے ملی اطلاع کے مطابق الاپوجھا ضلع میں بطخوں میں ایوین فلو بیماری پھیلنے کی تصدیق ہونے کے ساتھ ہی افسران نے جمعرات کو اس مرض کے پھیلاو پر قابو پانے کیلئے یہاں ہریپد میونسپلٹی کے وجھوتھنم وارڈ میں 20 ہزار سے زیادہ پرندوں کو مارنے کیلئے مہم شروع کی ہے ۔ بھوپال میں واقع نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہائی سیکورٹی اینیمل ڈیزیز میں حال ہی میں نموں کی جانچ میں انفیکشن کی تصدیق ہوئی تھی ۔ ضلع افسران نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ 28 اکتوبر سے اس بیماری کے مرکز کے ایک کلو میٹر کے گھیرے میں واقع گھروں کے سبھی پرندوں کو مارا جائے گا ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 20471 بطخوں کو مارا جائے گا اور آٹھ ریپڈ رسپانس ٹیمیں مرکزی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے آپریشن میں مصروف ہیں ۔ بیان کے مطابق پرندوں کے مارے جانے کا عمل پورا ہونے کے بعد بھی ہریپد میونسپلٹی ، پللی پاڑ پنچایت اور آس پاس کے علاقوں میں ایک ہفتہ تک متعلقہ محکمہ کے ذریعہ نگرانی کی جاتی رہے گی ۔ بیماری پھیلنے کے مقام سے ایک کلومیٹر کے گھیرے میں ان کے ٹرانسپورٹ پر پہلے ہی پابندی لگا دی گئی ہے ۔
کٹناڈ علاقے کے ہریپد میں گزشتہ 5 دنوں میں تقریباً 1,300 بطخوں کی موت کے بعد کیرالہ کے الاپوجھا ضلع میں تقریباً 20,500 پولٹری پرندوں کو مارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔