شیموگا میں آئی ایس آئی ایس سے جڑے تین مشتبہ دہشت گرد وں کو گرفتار کرنے کا پولس نے کیا دعویٰ

02:56PM Tue 20 Sep, 2022

شیوموگا: کرناٹک کے شیوموگا میں منگل کو پولس نے ایک بڑے بم دھماکے کی سازش کو ناکام بنا دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولس نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش سے وابستہ تین دہشت گردوں کو انہوں نے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے الزام لگایا کہ گینگ کے ارکان دھماکہ خیز مواد کی خریداری میں مصروف تھے اور ان کا منصوبہ ریاست بھر میں دھماکے کرنا تھا۔ پولیس نے شیو موگا کے رہائشی شارق، ماجی اور سعید یاسین، کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (UAPA) کے تحت ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ پولیس ایف آئی آر کے مطابق گینگ کے ارکان اسلامک اسٹیٹ کی سرگرمیوں کو بڑھانے کا منصوبہ بنا رہے تھے جو کہ ہندوستان کے اتحاد، سالمیت اور خودمختاری کے خلاف ہے۔ کرناٹک کے وزیر داخلہ ارگا گیانندرا نے کہا، "تینوں کے اسلامک اسٹیٹ سے رابطے ہیں۔" وہ شیو موگا اور تیرتھاہلی کے رہنے والے ہیں اور ان کا تعلق منگلورو سے ہے۔ پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا کہ گرفتار افراد نے دھماکے کرنے سمیت دہشت گردی کی کارروائیوں کی تربیت حاصل کی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ’’گینگ کا سرغنہ یاسین کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ یاسین پیشے کے اعتبار سے الیکٹرک انجینئر ہیں۔ غور طلب ہے کہ شیوموگا اس سال کے شروع میں اس وقت سرخیوں میں آیا تھا جب ہندوتوا کارکن ہرش کا حجاب تنازعہ کے درمیان قتل کر دیا گیا تھا۔ اگست میں شہر سے جھڑپوں کی اطلاع ملی تھی جب دائیں بازو کے کچھ ارکان نے ہندوتو کے نظریاتی ونائک دامودر ساورکر کے پوسٹر لگائے اور کچھ مسلمانوں نے احتجاج کیا۔