نیو شمس اسکول بھٹکل میں فل ٹائم حفظ کلاس کا ہوا آغاز
04:00PM Mon 19 Jun, 2023

بھٹکل : 19 جون 23 (موصولہ رپورٹ) ادارہ تربیت اخوان کے زیر انتظام نیو شمس اسکول بھٹکل میں امسال سے شعبہ حفظ کا قیام عمل میں آیا ، جس کی افتتاحی نشست آج منعقد ہوئی، جس میں ادارے کے ذمہ داران شریک رہے ۔واضح رہے کہ شمس اسکول اپنے قیام سے ہی عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ بچوں میں دینی تعلیم پر بھی زور دیتا آرہا ہے ۔ جس کے اچھے اثرات سماج میں مرتب ہورے ہیں ۔یہ ادارہ کم وبیش پچاس سال سے تعلیم و تربیت کے میدان میں گراں قدر اپنی خدمات انجام دے رہا ہے ۔
اس مختصر سی نشست کا آغاز آٹھویں جماعت کے طالب علم محمد حیان ایس ایم کی تلاوت سے ہوا جس کے بعد ادارے کے نائب چیرمین مولانا سید قطب برماور ندوی نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے حفظ قرآن کی اہمیت و ضرورت پر زور دیا ۔ مزید گفتگو میں کہا کہ اس درجہ کے لیے پچاس طلباء میں سے بیس طلباء کا انتخاب کیا گیا، جوچوتھی تا آٹھویں کلاس میں زیرِ تعلیم ہیں ،ان شاء اللہ ہماری کوشش رہے گی تین سال میں حفظ قرآن مکمل ہو ،شعبہ حفظ کے لیے استاذ مولوی فرقان احمد رکن الدین ندوی کا تقرر عمل میں آیا ہے ۔ اس کے بعد ادارے کے چیرمین جناب نذیر احمد قاضی صاحب نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کلام پاک کے حفظ کا مقصداور اس کے فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے منتخب شدہ طلبہ کو مبارکباد دی ۔اس کے بعد جامعہ اسلامیہ بھٹکل درجہ حفظ کے استاذ و رکن انتظامیہ شمس اسکول مولوی سید سالک برماور ندوی نے حفظ قرآن کی اہمیت و فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے طلبہ کو حفظ قرآن کے طریقوں سے روشناس کرایا ۔ ناظم ادارہ جناب اسماعیل محتشم صاحب نے صدارتی کلمات ادا کیے جبکہ ادارے کے نائب ناظم مولوی ضیاء الرحمٰن رکن الدین کی دعا پر یہ نشست اختتام کو پہنچی ۔مولوی سید قطب نے نظامت اور شکریہ کلمات کے فرائض انجام دیے۔
اس نشست میں ادارے کے عہدیداران کے ساتھ ساتھ جناب قادر میراں پٹیل، جناب صلاح الدین ایس کے، جناب شکیل ایس ایم، مولانا یاسر برماور ندوی، ادارے کے نائب ناظم جناب ریان برماور و ادارہ کے محاسب جناب لنکا ضیاء شریک رہے۔

