تیسری ڈوز کے طور پر دی جائے گی کونسی ویکسین؟ مرکزی سرکار نے دیا جواب
01:40PM Wed 5 Jan, 2022
نئی دہلی : مرکزی سرکار نے بدھ کو کہا ہے کہ بوسٹر ڈوز یا احتیاطی ڈوز (Booster Dose Vaccine) کے طور پر ایک ہی ویکسین استعمال کی جائے گی ۔ مرکزی حکومت نے کہا ہے کہ فی الحال کیلئے ویکسین کو ملانے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ اس کا مطلب ہے کہ جنہیں پہلی اور دوسری ڈوز کے طور پر کووی شیلڈ دی گئی ہے ، احتیاطی ڈوز کیلئے بھی انہیں وہی ویکسین دی جائے گی ۔ اسی طرح سے جنہیں پہلی دونوں ڈوز کے طور پر کوویکسین دی گئی ہے ، انہیں کوویکسین ہی تیسری ڈوز کے طور پر دی جائے گی ۔ نیتی آیوگ کے رکن ڈاکٹر وی کے پال نے وزارت صحت کی پریس کانفرنس میں یہ بات کہی ۔
وزیر اعظم نریندر مودی (PM Narendra Modi) نے 25 دسمبر کو قوم کے نام خطاب میں احتیاطی ڈوز دئے جانے کا اعلان کیا تھا ۔ وزیر اعظم مودی نے کہا تھا کہ 10 جنوری سے ہیلتھ اور فرنٹ لائن ورکروں ، دیگر سنگین بیماریوں سے متاثر 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ڈاکٹروں کے مشور پر احتیاط کے طور پر ٹیکوں کی خوراک دئے جانے کی شروعات کی جائے گی ۔
بتادیں کہ ہندوستان میں تیزی سے پھیل رہے کورونا وائرس کے اومیکران ویریئنٹ کو دیکھتے ہوئے بوسٹر ڈوز دئے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی 15 سے 18 سال کے بچوں کا ویکسینیشن بھی شروع ہوچکا ہے ۔ ہندوستان میں ابھی تک کورونا وائرس کے نئے ویریئنٹ اومیکران کے 2135 معاملات سامنے آئے ہیں ، جن میں سے 828 لوگ شفایاب ہوچکے ہیں یا دیگر مقامات پر چلے گئے ہیں ۔ یہ معاملات 24 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام خطوں میں سامنے آئے ۔
وزارت صحت نے بدھ کو بتایا کہ اومیکران کے مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 653 معاملات سامنے آئے ۔ اس کے بعد دہلی میں 464، کیرالہ میں 185، راجستھان میں 174، گجرات میں 154 اور تمل ناڈو میں 121 معاملات سامنے آئے ہیں ۔
وزارت کی جانب سے صبح آٹھ بجے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ہندوستان میں ایک دن میں کورونا کے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 58097 نئے معاملات سامنے آئے ہیں، جس سے متاثرین کی کل تعداد بڑھ کر تین کروڑ 50 لاکھ 18 ہزار 358 ہو گئی ہے۔ نئے معاملوں میں اضافے کے ساتھ فعال معاملوں کی تعداد دو لاکھ 14 ہزار 4 ہوگئی ہے۔
وہیں منگل کو 96 لاکھ 43 ہزار 238 کووڈ ویکسین لگائی گئی ہیں اور بدھ کی صبح 7 بجے تک موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک 147 کروڑ 72 لاکھ آٹھ ہزار 846 ویکسین دی جا چکی ہیں ۔