علاقائی پارٹیاں بی جے پی سے مقابلہ نہیں کرسکتی، چنتن شیور میں راہل گاندھی کے خطاب کی 5 بڑی باتیں

03:30PM Sun 15 May, 2022

نئی دہلی: راجستھان (Rajasthan News) کے ادے پور میں کانگریس کے چنتن شیور کا آج آخری دن ہے۔ کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی (Rahul Gandhi) نے چنتن شیور (Chintan Shivir Udaipur) کے آخری دن پارٹی لیڈروں کو خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پارٹی کو بی جے پی سے مقابلہ کرنے کے لئے پھر سے منظم اور مضبوط بنانا ہوگا، کیونکہ کوئی بھی علاقائی پارٹی ملک کی سب سے پرانی پارٹی کی طرح نہیں لڑسکتی۔ آئیے جانتے ہیں چنتن شیور کے آخری دن راہل گاندھی کے خطاب کے 5 اہم نکات… سابق کانگریس صدر نے کہا کہ ہمیں لوگوں کے ساتھ اپنے خطاب کو منصوبہ بند کرنا ہوگا۔ کیونکہ لوگوں سے ہمارا تعلق ٹوٹ گیا ہے۔ ہمیں اسے پھر سے مضبوط کرنا ہوگا اور یہ کام کسی شارٹ کٹ راستے سے نہیں ہوگا، اس میں سخت محنت لگے گی۔ راہل گاندھی نے کہا کہ آج ہندوستان میں بات چیت کی اجازت نہیں ہو۔ ہمیشہ دیکھنے کو ملتا ہے کہ بات چیت کی آزادی کو ختم کیا جا رہا ہے اور ہم اس کے نتائج کو نہیں سمجھتے ہیں۔ راہل گاندھی نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں کوئی بدعنوانی نہیں کی اور نہ ہی میں نے کبھی کسی سے پیسے لئے۔ میں ڈرا نہیں ہوں اور آگے میں لڑوں گا۔ ہماری لڑائی صرف نفرت اور تشدد کے نظریے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری یہ لڑائی میری زندگی کے لئے ہے۔ یہ لڑائی ہم سب کی ہے اور ہم سب مل کر اس سے لڑیں گے اور میں ہمیشہ آپ لوگوں کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ہمیں یہ پسند نہیں ہے کہ آر ایس ایس مختلف اداروں میں دراندازی کر رہا ہے۔ آر ایس ایس سے مقابلہ کرنے کے لئے ہمیں زمینی سطح پر اپنی تنظیمی ڈھانچے کو جارحانہ طور پر بدلنا ہوگا۔ اپنے خطاب کے دوران راہل گاندھی نے پارٹی لیڈروں کو بھی جم کر سنایا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے بیشتر لیڈر جب بھی آتے ہیں تو یہی کہتے ہوئے انہیں سنا ہے کہ ہمیں کیا ملے گا۔ بلکہ یہ ہونا چاہئے کہ ہم عوام کو کیا دیں۔ انہوں نے کہا کہ اسے دھیان میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ لیا گیا ہے کہ اکتوبر ماہ میں پوری پارٹی عوام کے درمیان جائے گی۔