بھٹکلی نوجوان کا بنایا گیا سمارٹ  ایپ دبئی میں بس کا  راستہ دکھانے کے لیے ہوگا استعمال: دبئی ٹرانسپورٹ اتھارٹی  کے ساتھ ہوا معاہدہ  

04:01PM Tue 23 Aug, 2022

دبئی: 23 اگست، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) نے درمیانی درجے کی بس سروسز کی عوامی مانگ کو پورا کرنے کے لیے ایک سمارٹ ایپ کی شکل میں آزمائشی بنیادوں پر ڈیجیٹل پلیٹ فارم لانچ کرنے کے لیے بھٹکلی نوجوان  بلال ابن فیروز شابندری کی کمپنی  آرکیب کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ یہ  سرویس فی الحال آزمائشی بنیادوں  پر دو اضلاع میں جانے والی بسوں میں کام کرے گی۔  اس کا پہلا راستہ انٹرنیشنل سٹی/دبئی سلیکون اویسس اور جبل علی کے درمیان کا ہوگا جبکہ  اس کا دوسرا راستہ انٹرنیشنل سٹی اور جے ایل ٹی کے درمیان ہوگا۔اطلاع کے مطابق تین ماہ اس سرویس کو دیکھنے کے بعد دبئی میں دیگر 12 اضلاع میں بھی اس کو لاگو کیا جائے گا۔ اس معاہدے پر پبلک ٹرانسپورٹ ایجنسی آر ٹی اے کے سی ای او احمد ہاشم اور آرکیب کے شریک بانی و سی ای او بلال شابندری نے دستخط کیے ہیں۔ یہ معاہدہ دبئی کے مختلف مقامات پر لوگوں کو آسانی سے اور محفوظ طریقے سے آنے جانے کے لیے ایک  آسان  ڈیجیٹل پلیٹ فارم  مہیا کرے گا جس سے لوگ فائدہ اٹھا سکیں گے ۔