ریاست میں صرف گائے کے گوشت پر پابندی رہے گی۔ بیل اور بھینس کے گوشت کی فروخت پر کوئی پابندی نہیں رہے گی: وزیر قانون جے سی مدھو سوامی
12:09PM Mon 28 Dec, 2020
بینگلورو: 28 دسمبر، 20 (بھٹکلیس نیوز بیورو؍ذرائع) ’’اگرچہ کہ ریاست میں گائے کے ذبیحہ پر پابندی لگانے کے لیے قانون لایا جارہا ہے لیکن اس سے بیل اور بھینس کے گوشت کے فروخت پر کوئی اثر نہیں ہوگا ریاست میں اس کی فروخت پر کوئی ممانعت نہیں ہوگی البتہ گائے کے گوشت کی فروخت اور ذبیحہ پر مکمل پابندی رہے گی‘‘۔ یہ باتیں ریاستی وزیر قانون جے سی مدھو سوامی نے آج کابینہ میٹنگ کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو بتائی۔
انہوں نے اس کی تفصیل دیتے ہوئے کہا کہ انسداد گئو کشی قانون 1964 کے تحت 12 سال تک کی عمر کے بیل، گائے اور بھینس کے ذبیحے پر پابندی عائد تھی لیکن حالیہ ترمیم کے بعد گائے کے ذبیحے پر ہمیشہ کے لیے پابندی عائد رہے گی البتہ بیل اور بھینس کو 13 سال کی عمر کے بعد ذبح کیا جاسکے گا اور ان کا گوشت بھی فروخت کیا جاسکے گا۔
اس سے قبل وزیر پربھو چوہان نے کہا تھا کہ چونکہ انسداد گئو کشی بل قانون ساز کونسل میں منظور نہیں ہوا ہے ،اس لیے ریاستی حکومت نے آرڈیننس کے ذریعے اس پر عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ریاستی حکومت نے آج کابینہ میں گئو کشی بل پر ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے حکومت نے گئو کشی پر پابندی کے لئے آرڈیننس کو منظوری دے دی ہے، اب اس آرڈیننس کو کل گورنر کے پاس بھیجا جائے گا، اور گورنر کی منظوری کے بعد ریاست میں انسداد گئو کشی قانون نافذ ہوجائے گا۔
(ڈائجی ورلڈ)