غیر قانونی طور پر ہندوستان میں رہنے کے الزام میں بھٹکل نوائط کالونی سے پاکستانی خاتون گرفتار

02:22PM Thu 10 Jun, 2021

بھٹکل : 10 جون، 2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) غیر قانونی طور پر ہندوستان میں رہنے کے الزام میں بھٹکل نوائط کالونی سے پاکستانی خاتون  کو گرفتار کیا گیا ہے جس کی شناخت خدیجہ مہرین کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ پولس ذرائع کے مطابق اس  خاتون  کا 2013 میں دبئی میں ایک بھٹکلی شخص کے ساتھ نکاح ہوا تھا جس کے بعد تین مہینے کی ویزا پر وہ   ہندوستان آئی ہوئی تھی،  ان سب کے بعد 2015 میں وہ خفیہ طریقے سے بغیر دستاویزات کے غیر قانونی طور پر  پاکستان سے  ہندوستان میں  داخل ہوئی تھی اور اس وقت سے نوائط کالونی میں واقع اپنے شوہر کے مکان میں اپنے تین بچوں کے ساتھ رہ رہی تھی۔ پولس کا کہنا ہے کہ اس نے نقلی دستاویزات کے ذریعے شناختی کارڈ، آدھار کارڈ ، پان کارڈ اور راشن کارڈ بھی بنایا ہے ۔ مرکزی تفتیشی ایجنسی کے ذریعے دی گئی معلومات پر بھٹکل پولس نے کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کیا  اور عدالت کے سامنے پیش کیا جس کے بعد انہیں عدالتی تحویل میں بھیجا گیا ہے۔ اس کارروائی میں ضلع ایس پی شیو پرکاش دیوراج، اے ایس پی بدر ی ناتھ،  ڈی وائی ایس پی بیلی ایپا کے یو، سی پی آئی دیواکر پی ایم، بھٹکل ٹاؤن پولس تھانہ کے پی ایس آئی کوسوما بی اور دیگر اہلکار موجود تھے۔