ترکی کی راجدھانی استنبول میں بڑا دھماکہ، کئی لوگوں کے مرنے کا اندیشہ
03:11PM Sun 13 Nov, 2022

استنبول : ترکی کی راجدھانی استنبول کے انتہائی مصروف رہنے والے علاقہ استقلال میں بڑا دھماکہ ہوا ہے ، جس میں کئی لوگوں کے مرنے کا اندیشہ ہے ۔ ترکی کی مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ دھماکہ راہگیروں سے بھری رہنے والی سڑک پر ہوا ۔ اس دھماکہ کے بعد کے کئی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا وائرل ہورہے ہیں ، جس میں بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں اور ایمبولینس کو جائے واقعہ کی جانب جاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ استنبول کے گورنر نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ شہر میں دھماکہ میں کچھ لوگوں کی موت ہوئی اور کئی زخمی ہوئے ہیں ۔
ترکی کی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھیڑ بھاڑ والے استقلال ایوینیو میں اتوار کو بھیانک دھماکہ ہوا، جس میں گیارہ لوگ زخمی ہوگئے ۔ ترکی کی میڈیا نے اتوار کو یہ جانکاری دی ۔ فوٹیج میں دکھ رہا ہے کہ ایمبولینس ، فائربریگیڈ کی گاڑیاں اور پولیس جائے واقع پر پہنچ گئی ہے ۔ دھماکہ کی وجہ صاف نہیں ہے ۔ سوشل میڈیا پر لوگوں نے کہا کہ علاقہ میں دکانوں کو بند کردیا گیا ہے ۔
آن لائن پوسٹ کئے گئے ایک ویڈیو میں آگ کی لپٹیں اور تیز دھماکہ ہوتا دکھ رہا ہے ۔ وہیں دھماکہ کی آواز سننے کے بعد بازار میں پیدل گھوم رہے لوگ ادھر ادھر بھاگتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ پورے علاقہ میں افرا تفری کا ماحول بن گیا ہے ۔ دھماکہ شام تقریبا 4:20 بجے ہوا ۔