ریاست میں ہونے جارہےسکینڈ پی یو کے امتحانات میں حجاب پہننے کی  نہیں ہوگی اجازت ۔وزیر تعلیم کا اعلان

12:02PM Tue 19 Apr, 2022

بنگلورو: 19 اپریل، 2022 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست میں22اپریل سے شروع  ہونے والے پی یو سی سکینڈ کے امتحانات میں  طالبات کو حجاب پہن کر  امتحان ہال  میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس کا اعلان  ریاست کے وزیر تعلیم بی سی ناگیش نے آج منگل کے روز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "‘تمام طلبا کو یونیفارم کے اصولوں پر عمل کرنا چاہئے، حجاب پہننے والی طالبات کو امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گا۔‘‘ خیال رہے کہ حجاب پر تنازعہ کے درمیان ایس ایس ایل سی (درجہ 10) کے امتحانات منعقد کرانے کے بعد کرناٹک حکومت ریاست میں 22 اپریل سے 18 مئی تک پی یو سی سکینڈ امتحانات منعقد کرنے کی تیاری میں ہے۔ محکمہ تعلیمات سے ملی جانکاری کے مطابق اس سال ریاست میں امتحانات 1076 مراکز پر منعقد کرائے جائیں گے اور ان میں مجموعی طور پر 346936 لڑکے اور 337319 لڑکیاں بیٹھیں گی۔ پریکٹیکل امتحان 1030 مراکز پر منعقد کئے جائیں گے اور ان میں 267349 طلبا شامل ہوں گے۔ طلبا کے امتحان ہال کے اندر موبائل لے جانے پر پابندی عائد رہے گی۔ محکمہ کی جانب سے تمام امتحان مراکز پر پولیس کی سیکورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ امتحان مراکز کے 200 میٹر کے دائرے میں امتناعی احکامات نافذ رہیں گے۔ خیال رہے کہ چیف جسٹس ریتو راج اوستھی کی سربراہی والی کرناٹک ہائی کورٹ کی خصوصی بنچ نے کلاسز میں حجاب پہننے کی اجازت طلب کرنے والی طالبات کی عرضی کو خارج کر دیا گیا تھا۔ بنچ نے کہا تھا کہ حجاب پہننا اسلام کا لازمی حصہ نہیں ہے۔