بھٹکل تحصلدار اور ڈی ایس پی کی طرف سے دی گئی لاک ڈاؤن کے تعلق سے ہدایات : صبح 6 بجے سے صبح 10 بجے تک کھلی رہیں گی ضروری اشیاء کی دکانیں
03:06PM Tue 27 Apr, 2021

بھٹکل: 27 اپریل،2021 (بھٹکلیس نیوز بیورو) ریاست بھر میں آج رات 9 بجے سے 14 دنوں کا سخت گیر لاک ڈاؤن نافذ ہونے جارہا ہے ۔ اس تعلق سے ہدایات دینے آج شام بھٹکل تحصلدار روی چندرا اور ڈی وائی ایس پی بیلی ایپا نے اخباری کانفرنس منعقد کی۔
اس موقع پر تحصلدار نے کہا کہ یہ لاک ڈاؤن آج رات سے شروع ہوکر اگلے 14 دنوں تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام دنوں میں صبح 6 بجے سے 10 بجے تک ضروری چیزوں کی دکانیں کھلی رہیں گی جس میں کویڈ احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے لوگ خرید و فروخت کر سکیں گے جبکہ اس کے بعد یہ دکانیں بالکل ہی بند رہیں گی اور لوگوں کو بھی گھومنے کی بالکل اجازت نہیں ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ اس لاک ڈاؤن کے دوران تعمیراتی زرعی اور سوائے گارمنٹس کے انڈسٹریل سرگرمیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، ان سرگرمیوں کو جاری رکھنے کی اجازت ہوگی اور یہاں تعمیراتی کام کرنے والوں کو تحصلدار کے ذریعے پاس بھی جاری کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ لاک ڈاؤن کے دوران سرکاری ٹرانسپورٹ جیسے کے ایس آر ٹی سی، نجی بسیں،ٹیکسی اور آٹورکشا سرویس نہیں رہے گی۔البتہ ہنگامی ضرورت پر آٹو اور ٹیکسی میں جانے کی اجازت ہوگی۔ اگر کسی مسافر کے پاس فلائٹ یا ٹرین کا ٹکٹ ہوتو ایرپورٹ ٹیکسی یا پھر آٹو میں جانے کی اجازت رہے گی پولس کو صرف ٹکٹ دکھانا کافی ہوگا۔
تحصلدار نے بتایا کہ حکومت کی گائیڈ لائنس کے مطابق تمام اسپتال، نرسنگ ہوم اور میڈیکل دکانیں اور طبی ضروریات سے جڑی تمام سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت ہوگی۔ اسی طرح ہوم ڈلیوری اور آن لائن ڈلیوری کرنے والوں کو بھی اجازت ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایل پی جی سرویس، پوسٹ آفس، اے ٹی ایم، بینک ، الیکٹرک دفتر وغیرہ جیسی ضروری سرگرمیوں کے بھی جاری ہونے کی اطلاع دی۔
انہوں نے کہا کہ گائیڈ لائن کے مطابق اسکول، کالج، تھیٹر، سوئمینگ پول ، کھیل کے میدان اور اس جیسی تمام بھیڑ بھاڑ والی جگہیں،مذہبی مقامات سب بند رہیں گے البتہ مذہبی مقامات پر صرف مذہبی پیشواؤں کو جانے کی اجازت ہوگی۔
انہوں نے پہلے سے طے شادیوں کے لیے صرف پچاس لوگوں کو پاس لے کر اجازت دیے جانے کی بات کی اور کہا کہ اس میں صرف پاس والے پچاس افراد ہی حاضر ہونگے اس سے زائد افراد شریک ہونے کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اسی طرح آخری رسومات کے لیے صرف پانچ لوگوں کی اجازت ہوگی۔
تحصلدار روی چندرا نے بتایا کہ حالات پر مکمل نگاہ رکھنے کے لیے دس سیکٹر افسر بنائے گئے ہیں اور ہر پنچایت میں دو سیکٹر افسر بنائے گئے ہیں۔
ڈی وائی ایس پی بیلی ایپا نے کہا کہ پولس محکمہ کی طرف سے بھٹکل تعلقہ میں کل دس چیک پوسٹ بنائے گئے ہیں جن میں پانچ چیک پوسٹ بھٹکل میں ہیں اور پانچ مرڈیشور سے بھٹکل آنے کے شاہراہ کے درمیان میں ہیں۔
اس موقع پر تحصلدار نے عوام سے درخواست کی کہ وہ کویڈ کی احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کریں ،اور کورونا کی علامت ظاہر ہونے پر اس کی جانچ ضروری کرائیں۔
