بڑی خبر: ٹسٹ میں ڈیبیو کریں گے محمد سراج، زخمی محمد شمی کی جگہ ملے گا ٹیم میں موقع!

04:08PM Sun 20 Dec, 2020

نئی دہلی: ٹیم انڈیا میزبان آسٹریلیا کے خلاف چار ٹسٹ میچوں کی سیریز کا فاتحانہ آغاز نہیں کرپائی۔ پہلے ٹسٹ میچ میں ہندوستان کو 8 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اب ٹیم کی نظر باقی بچے تین میچوں پر ہے۔ محمد عامر اس سے پہلے ٹیم انڈیا کو محمد شمی کے طور پر بڑا جھٹکا لگا ہے۔ دراصل پہلے ٹسٹ کی دوسری اننگ میں محمد شمی زخمی ہوگئے تھے، جس وجہ سے انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، محمد شمی باقی بچے تین ٹسٹ میچوں سے باہر ہوگئے ہیں۔ ایسے میں محمد سراج (mohammed siraj) آئندہ 26 دسمبر سے شروع ہونے والے باکسنگ ڈے ٹسٹ میچ میں ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔ اسپورٹس ٹوڈے کے مطابق، محمد سراج کو باکسنگ ڈے ٹسٹ میں ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے۔ دوسرا مقابلہ میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ محمد سراج نے پریکٹس میچوں میں اپنی گیند بازی سے کافی متاثر کیا تھا۔ کمنس کی باونسر سے محمد شمی زخمی دراصل ہفتہ کو دوسری اننگ میں بلے بازی کرتے ہوئے محمد شمی کے داہنے ہاتھ پر پیٹ کمنس کی باونسر لگ گئی تھی، جس کے بعد انہیں ریٹائرڈ ہرٹ ہونا پڑا۔ اے این آئی کی خبر کے مطابق، محمد شمی بلا بھی نہیں پکڑ پا رہے ہیں۔ محمد شمی کے زخمی ہونے کے سبب ہندوستانی اننگ 21.2 اوور میں محض 36 رن پر ختم ہوگئی تھی۔ ٹسٹ تاریخ میں ہندوستان کا یہ سب سے کم اسکور ہے۔ محمد شمی کو اس کے بعد اسکین کے لئے اسپتال لے جایا گیا۔ محمد شمی کے زخمی ہونے کے بعد ٹیم کے میڈیکل اسٹاف ان کی مدد کے لئے میدان پر پہنچے، لیکن کچھ کوشش کے بعد انہوں نے ڈریسنگ روم واپس لوٹنا صحیح سمجھا، جس سے ہندوستانی اننگ 21.2 اوور میں سمٹ گئی۔ ٹیم کے فیزیو تھیریپسٹ نے درد کم کرنے والے اسپرے کا استعمال کیا، لیکن ان کی تکلیف کم نہیں ہوئی اور بلے بازی نہیں کرنے کا فیصلہ کیا۔ چار میچوں کی سیریز میں ہندوستانی ٹیم اب 1-0 سے پچھڑ گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا مقابلہ 26 دسمبر (باکسنگ ڈے) سے میلبورن میں کھیلا جائے گا۔