عوام مسائل سے دو چار، وزیر اعظم توجہ ہٹانے کے لئے نیا منصوبہ تیار کرنے میں مصروف! راہل گاندھی

12:46PM Sun 26 Jun, 2022

نئی دہلی: کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ملک کے سلگتے ہوئے مسائل کے حوالہ سے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب ہندوستان کے باشندگان جدوجہد کر رہے ہیں، تو وزیر اعظم مودی توجہ ہٹانے کے لیے نمیا منصوبہ تیار کرنے میں مصروف ہیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نے توجہ ہٹانے کے فن میں مہارت حاصل کی ہے لیکن اس سے بے روزگاری کی ہمہ وقتی شرح، 30 سالہ بلند ہول سیل انڈیکس اور ایل آئی سی سے وابستہ ’ڈی ویلیویشن‘ مسائل پر پردہ نہیں ڈالا جا سکتا۔
راہل گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’وزیراعظم کی توجہ ہٹانے کے فن کی مہارت ان آفات کو چھپا نہیں سکتی، ڈالر کے مقابلے میں ہندوستانی روپیہ 78 پر، ایل آئی سی کی قدر میں 17 بلین ڈالر کی کمی واقع، ڈبلیو پی آئی افراط زر 30 سال کی بلند ترین سطح پر، بے روزگاری کی شرح اب تک کی بلند ترین سطح پر، ڈی ایچ ایل ایف کے ذریعہ اب تک کا سب سے بڑا بینک گھوٹالہ کیا گیا۔"
اس سے پہلے ہفتہ کے روز کانگریس نے کہا کہ ہندوستان کے اب تک کے سب سے بڑے بینکنگ گھوٹالے کے تار بی جے پی سے جڑے ہوئے ہیں۔ کانگریس نے کہا کہ ڈی ایچ ایف ایل نامی کمپنی نے 17 بینکوں کے کنسورشیم کو 34000 کروڑ روپے کا دھوکہ دیا، اس کمپنی کے بی جے پی کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔